صادق سنجرانی کے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد آج پی ڈی ایم کی تدفین ہوگئی

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ صادق سنجرانی کے دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے بعد آج پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کی تدفین ہوگئی۔
اسلام آباد میں سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ جمہوریت کی اینٹ سے اینٹ بجانے والوں کو شکست ہوئی ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ اگر قانون کی حکمرانی ہونی ہے تو آپ وزیراعظم عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں کیونکہ یہ ملک پیچھے جانے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوسری مرتبہ ہے، پہلے وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ ملا اور آج ہمارے نامزد کردہ چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کو کامیابی ملی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پی ڈی ایم کی تدفین ہوگئی، پی ڈی ایم کی سیاست جو ذاتی مفادات کے اردگرد گھومتی تھی پاکستان کے عوام کےلیے نہیں، جو لانگ مارچ سے شروع ہوئی استعفوں کی بات ہوئی کچھ بھی نہ ہوا، دوبارہ سے انہوں نے لانگ مارچ اور استعفوں کی بات کی ہے۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عوام کرپشن روکنے کےلیے باہر نکلتے ہیں، عوام کرپشن بچانے کےلیے باہر نہیں نکلتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سبق جو پی ڈی ایم کو آج ملا ہے اور اس کی سیاسی تدفین ہونے والی ہے، ہوچکی ہے۔
