صبا فیصل نے بہو کے خلاف اپنی ویڈیوز کیوں ڈیلیٹ کیں؟

سینئر اداکارہ صبا فیصل نے اپنی بہو کو چارج شیٹ کرنے اور بیٹے اور اسکی بیوی سے اعلان لا تعلقی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے کے بعد اب ڈیلیٹ کر دی ہے۔ انہوں نے اپنے بیٹے سلمان فیصل کی جانب سے اپنی بیوی کی طرف داری کیے جانے کے بعد بہو پر الزامات کی ویڈیو ڈیلیٹ کر دی۔ صبا نے ایک روز قبل بہو نیہا ملک پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے بہو اور بیٹے سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔ صبا فیصل نے واضح کیا تھا کہ اب ان کا اور پورے خاندان کا ان کے بیٹے سلمان سے کوئی تعلق نہیں۔ صبا نے بہو نیہا ملک پر سنگین الزامات عائد کرتےہوئے کہا تھا کہ جس بھی گھر میں نیہا ملک جیسی عورت جاتی ہے تو وہ گھر جہنم بن جاتا ہے اور بکھر جاتا ہے۔
مختصر دورانیے کی ویڈیو میں اگرچہ صبا فیصل نے بہو پرالزام لگایا تھا کہ ان جیسی خواتین گھروں کو جہنم بناتی ہیں، تاہم انہوں نے اپنی بہو کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔ لیکن بعد ازاں انہوں نے ایک اور ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ ان کی بہو اور ان کے حوالے سے غلط باتیں نہ کی جائیں۔ دوسری ویڈیو میں انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے چار سال تک اپنے دکھ اور درد کو بیان نہیں کیا اور انہوں نے اپنی شہرت، عزت اور دولت کی قیمت چکائی۔ صبا کا کہنا تھا کہ عام لوگوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ شہرت، دولت اور عزت کمانے والے اداکاروں کی زندگی اور گھروں کی بھی ڈارک سائیڈزہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے چار سال تک بہو کو برداشت کرکے ایک طرح سے دولت، عزت اور شہرت کی قیمت ادا کی۔ صبا کی جانب سے بہو پر الزامات لگانے کے بعد انکے بیٹے سلمان فیصل نے اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں ماں کی بجائے اہلیہ کی طرف داری کی تھی اور لوگوں کو کہا تھا کہ ان کی اہلیہ پر تنقید کرنا بند کی جائے۔
سلمان فیصل نے والدہ یا کسی اور کو مینشن کے بغیر لکھا تھا کہ نیہا ملک ان کے بیٹے کی ماں اور ان کی اہلیہ ہیں، لوگوں کو ان پر تنقید کرنے کے بجائے انکی عزت کرنی چاہیے۔ بیٹے سلمان فیصل کی پوسٹس کے بعد صبا نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اپنی تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں۔ لیکن صبا فیصل نے ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے سے متعلق کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔