صدرمملکت کے صدارتی استثنیٰ کی رپورٹ احتساب عدالت پیش

نیب نے ٹھٹھہ واٹرسپلائی کیس میں صدر مملکت کے صدارتی استثنیٰ کے حوالے سے رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں صدر مملکت آصف علی زرداری ، سابق سیکرٹری اعجاز احمد خان، عبدالغنی مجید اور دیگر کے خلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی ۔
صدر آصف زرداری کی جانب سے وکیل ارشد تبریز عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ صدر کی جانب سے صدارتی استثنیٰ کی درخواست دائر کی ہوئی ہے ۔
نیب کی جانب سے صدر مملکت کی صدارتی استثنیٰ کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت صدر مملکت کو کیسز سے صدارتی استثنیٰ حاصل ہے ۔
جج ناصر جاوید رانا نے ریمارکس دیے کہ ایک ملزم کی حاضری نہیں ہوئی اگر وہ نہیں حاضر ہوتا تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے۔
عدالت نے کیس کی سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی۔
