طالبان کی سوچ پاکستان کے لیے خطرہ قرار

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے طالبان کی انتہا پسند سوچ کو پاکستان کے لیے خطرہ قرار دے دیا، کہتے ہیں کہ پاکستان کی دونوں جانب انتہا پسند ریاستیں ہیں، ایک طرف افغانستان تو دوسری طرف بھارت ہے۔
فواد چودھری نے اسلام آباد میں قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم میں یہ تذبذب ہے کہ قائداعظم کس طرح کا پاکستان چاہتے تھے؟
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی تقاریر نئے پاکستان کو سمجھنے کی بنیاد فراہم کر رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان قائد اعظم کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں، یہ غلط فہمی دور کرلیں کہ قائداعظم کوئی مذہبی ریاست بنانے کے خواہاں تھے۔
فواد چودھری نے کہا کہ قائداعظم نے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ملک کا فیصلہ اس لیے کیا تھا کہ انہیں اندازہ تھا کہ جب یہاں جمہوریت آئے گی تو ہندو اکثریت، اقلیتوں کا جینا دوبھر کر دے گی، بھارت میں مسلمانوں پر جو ظلم ڈھایا جا رہا ہے، وہ تو معمول بن چکا ہے۔
پورے پاکستان نے سیالکوٹ کے واقعے کی مذمت کی لیکن بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے اس پر کسی کے کان پر جوں نہیں رینگتی، ظالم اکثریت مسلمانوں کے ساتھ کیا سلوک کرے گی۔

Back to top button