عتیقہ اوڈھو کونسے غیرملکی ڈرامے میں اداکاری کرنیوالی ہیں؟

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی بہترین فنی صلاحیتوں سے نام بنانے والی اداکارہ عتیقہ اوڈھو اب غیرملکی ڈراموں میں بھی اداکاری کرتی دکھائی دیں گی، اداکارہ جلد ہی ترک ڈرامے ’کویو بیاز‘ میں اداکاری کر کے غیر ملکی شوبز انڈسٹری میں ڈیبیو کرنے والی ہیں۔ پاکستان میں ترکی کے ڈراموں کو بےحد پسند کیا جاتا ہے جبکہ ارتغرل غازی اور کورولس عثمان کے بعد پاکستان میں ترک مواد کے ناظرین کی تعداد ایک نئی بلندی پر پہنچی ہے جہاں اب پاکستان بھی ترکی کی طرز کا ڈرامہ بنایا جا رہا ہے وہیں پاکستانی اداکاروں نے بھی ترکی کے ڈراموں میں انٹری دینا شروع کر دی ہے۔
عتیقہ اوڈھو کے ساتھ ‘کویو بیاز’کے سیٹ پر مشہور ترکش اداکار نیسا بولکباشی اتاکان ہوگورین، اتابیق محسن اور ایبرو اکیل جیس کام کریں گے۔ عتیقہ نے انسٹاگرام پر ترکی کی پروڈکشن کمپنی کی جانب سے کی گئی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ بین الاقوامی پراجیکٹ کا حصہ بن چکی ہیں اور جلد اُن کے ڈرامے کو نشر کیا جائے گا۔ یہ ڈرامہ ٹی آر ٹی ڈیجیٹل اسکرینز پر نشر کیا جائے گا اور اس کی ہدایت کاری بلنٹ اسبیلن نے کی ہے کاسٹنگ لسٹ کے مطابق ٹی وی میزبان توصیق حیدر بھی ترک ڈرامے میں کردار ادا کریں گے۔
خیال رہے کہ اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے تین شادیاں کی ہیں۔ ثمر علی خان سے تیسری شادی سے قبل عتیقہ اوڈھو نے دو شادیاں کیں جو کہ طلاق پر ختم ہوئیں، انہوں نے 1980 میں پہلی شادی کی ناکامی کے بعد ڈراموں میں اداکاری کا آغاز کیا، اس سے قبل وہ بطور میک اپ آرٹسٹ اور سٹائلسٹ پاکستان ٹیلی وژن پر کام کرتی رہی تھیں۔
ماضی میں ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی شادیوں سے متعلق بھی بات کی تھی اور بتایا تھا کہ پہلی شادی کی ناکامی کے بعد انہوں نے اپنی ہی مرضی سے دوسری شادی کی مگر اتفاق سے وہ بھی کامیاب نہ ہوسکی اور ان کی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔ عتیقہ اوڈھو نے بتایا تھا کہ انہوں نے تمام شادیاں پسند سے کیں، اور شادی جیسے رشتے پر بھرپور یقین رکھنے کی وجہ سے ہی انہوں نے دو ناکامیوں کے بعد تیسری مرتبہ 2012 میں زائد العمری میں شادی کی اور اسے کامیابی سے نبھایا ہے۔
