عمران اپناآرمی چیف لگانے کیلئے سب کوبلیک میل کررہاہے

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ وامیر جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ اپنی مرضی کے آرمی چیف کے لیے لانگ مارچ کیا جارہا ہے اور اس کے لیے آپ (عمران خان) دفاعی اور سیاسی قیادت کو بھی بلیک میل کر رہے ہیں۔
سندھ کے شہر سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ چین کے ساتھ بات چیت کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے جبکہ روس کے ساتھ بھی معاہدات کی طرف بڑھ رہے ہیں، سعودی ولی عہد کے دورے کے دن لانگ مارچ کا اعلان کرنا باقاعدہ سازش کے تحت ہو رہا ہے مگر ساری صورتحال سے نمٹنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا مسائل میں گھر چکے ہیں جن سے نکلنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور پھر اوپر سے سیلاب جیسی قدرتی آفت نے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی ہے، مگر تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنی توانائیاں وقف کر رہے ہیں،عوامی رابطوں میں کمی نہیں آئے گی، مختلف شہروں کا دورہ کیا جائے گا اور اس فتنے کا مقابلہ کریں گے۔
امیر جے یو آئی نے آرمی چیف کی تعیناتی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نوکری کا انجام ریٹائرمنٹ ہوتا ہے جو کہ ہمیشہ کی طرح ہوتا ہے، لیکن اپنی مرضی کا آرمی چیف لانے کے لیے لانگ مارچ کیا جارہا ہے اور اس کے لیے آپ (عمران خان) دفاعی اور سیاسی قیادت کو بھی بلیک میل کر رہے ہیں، آرمی چیف کی تعیناتی آئین کے مطابق میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے آڈیو لیک کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب تک عمران خان کی گندگی سیاست کا حصہ ہوگی تو گندگی پھیلتی رہے گی کیونکہ اس گند کی جڑ ایک ہی پارٹی ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حکومت کو جو مشکلات درپیش تھیں ان پر قابو پالیا گیا ہے کیونکہ ملکی کرنسی ایگ جگہ پر نہیں تھی اور ڈالر 250 تک جاپہنچا تھا جس میں اب کمی آگئی ہے، اسی طرح پیٹرول کی قیمتیں مستحکم ہیں جبکہ اس وقت بجلی کے معاملے پر توجہ دی جارہی تاکہ کسی طرح لوگوں پر بوجھ کم ہو، اسٹیٹ بینک میں جو پیسے چھوڑ کر گئے تھے ان میں کافی اضافہ ہوگیا ہے، اسی طرح معیشت بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے۔
