عمران خان ، عثمان بزدار کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر غور

پیپلزپارٹی نے ن لیگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے۔
رکن قومی اسمبلی ، پی پی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان سے نجات کے لیے شہباز شریف کو فوری طور پر تحریک عدم اعتماد پر غور کرنا ہوگا۔ پہلے یہ اقدام عثمان بزدار کیخلاف ہونا چاہئے جس کے بعد وزیراعظم کو ہٹانا آسان ہوگا۔
پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو اقتدار میں رکھنا قوم سے غداری ہے۔آٹا، چاول، گھی، دالیں اور یہاں تک کہ سبزیوں جیسی ضروری اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے 20 اکتوبر سے اپنے الگ الگ پلیٹ فارمز سے قیمتوں میں اضافے کے خلاف مہم شروع کر دی ہے۔پیپلز پارٹی نے تجویز دی تھی کہ انہیں اس اقدام کو کامیاب بنانے کے لیے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی پاکستان مسلم لیگ (ق) سے بات کرنی چاہیے لیکن مسلم لیگ (ن) نے اس خیال کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فوجی آمر جنرل پرویز مشرف کی حمایت کی وجہ سے مسلم لیگ (ق) سے ہاتھ نہیں ملا سکتے۔
یاد رہے کہ اپوزیشن ایوان میں واضح اکثریت کے باوجود سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی کو تحریک عدم اعتماد سے ہٹانے میں ناکام ہوئی۔
