عمران خان نے بہن کے ساتھ ملکراربوں روپے کی زمیں کیسے ہتھیائی؟

سابق وزیر اعظم عمران خان ایک اور میگا کرپشن سکینڈل لیہ اراضی کیس میں پھنستے نظر آتے ہیں۔ عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کی طرف سے 600کروڑ روپے کی زمین صرف 13 کروڑ میں خریدنے کے کیس میں گرفتار نائب تحصیلدار نے دوران تقتیش چیئرمین پی ٹی آئی کی کرپشن میں ملوث ہو نے کی تصدیق کر دی۔لیہ اراضی کیس میں اس اہم پیشرفت سے سابق وزیراعظم عمران خان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق اینٹی کرپشن کے پاس عمران خان فیملی کے کرپشن میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ نائب تحصیلدار نے دوران تفتیش اقرار کیا کہ اسے غیر قانونی کام کے لئے بنی گالا سے کال آئی تھی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اینٹی کرپشن نے سابق وزیراعظم عمران خان کو لیہ اراضی کیس میں طلب کر رکھا ہے۔ اینٹی کرپشن نے طلبی کا نوٹس زمان پارک کی رہائش گاہ پر چسپاں کیا تھا۔ عمران خان اور دیگر کو اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان آفس میں طلب کیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن نے عظمی خان اور ان کے شوہر احد مجید کو بھی لیہ کرپشن کیس میں طلب کر رکھا ہے۔ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ خان کو تھل کنال منصوبے کا پہلے سے علم تھا۔ڈاکٹر عظمیٰ خان اور اسکے شوہر نے مالکان سے زبردستی زمین خرید کر اپنے نام منتقل کی۔زمین مالکان نے ڈاکٹر عظمیٰ وغیرہ کے خلاف مقامی تھانے میں زبردستی زمین خریدنے کی شکایات درج کروائیں۔کچھ مقامی لوگوں نے جسٹس آف پیس میں بھی درخواستیں دیں۔دھوکہ دہی سے خریدی گئی زمین کا بعد ازاں غیر قانونی طور پر قبضہ لیا گیا۔ ترجمان اینٹی کرپشن کا مزید کہنا ہے کہ دھوکہ دہی میں ملوث دیگر افسران و اہلکاران کے کردار کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا ۔کرپٹ عناصر کے خلاف اینٹی کرپشن کی زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ پنجاب کی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اتوار کے روز صوبہ پنجاب میں دھوکہ دہی کے ذریعے 5,000 کنال یعنی 625 ایکڑ سے زیادہ اراضی کی خریدوفروخت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔عمران خان کی بہن عظمیٰ خان، ان کے شوہر احد مجید اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی بہن اور بہنوئی کے خلاف ضلع لیہ میں 5 ہزار 261 کنال قیمتی اراضی فراڈ کے ذریعے سستے داموں خریدنے پر مقدمہ درج ہے۔ اے سی ای لیہ سرکل نے عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ان کے شوہر احد مجید کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے پہلے رپورٹ تیار کی تھی۔ایف آئی آر کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ خان نے لیہ کے علاقے نواں کوٹ میں 5 ہزار 261 کنال اراضی دھوکا دہی اور سیاسی دباؤ کے ذریعے 13 کروڑ روپے کی لاگت سے خریدی جبکہ زمین کی اصل قیمت 6 ارب روپے تھی۔ڈاکٹر عظمیٰ خان نے اپنے شوہر احد مجید کے ساتھ زمین کی رجسٹریشن شیئر کی، یہ زمین گریٹر تھل کینال منصوبے کے قریب خریدی گئی۔ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہےکہ مقامی لوگوں کو اس منصوبے کے بارے میں علم نہیں تھا جبکہ یہ معلومات ڈاکٹر عظمیٰ خان کے پاس موجود تھیں اور وہ اس معاہدے سے ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتی تھیں۔اے سی ای کے عہدیدار نے انکشاف کیا کہ مقامی لوگوں سے 500 کنال زمین چھینی گئی اور انہیں ضلعی انتظامیہ نے زمین چھوڑنے پر مجبور کیا جو کہ غیر قانونی تھا۔

خیال رہے کہ مقدمے کے اندراج کے بعد اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ عمران خان کی بہن اور بہنوئی کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے لیکن دونوں میاں بیوی مفرور ہو گئے ہیں۔ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق اینٹی کرپشن نے میگا کرپشن سکینڈل میں ملوث سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن اور انکے شوہر کی گرفتاری کے لیے چھاپےمار رہی ہے لیکن ڈاکٹر عظمی خان اور انکا شوہر احد مجید گرفتار نہیں ہو سکے۔ ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عظمی اور انکے شوہر کی گرفتاری کے لئے لاہور اور لیہ میں واقع انکے گھروں پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ تاہم وہ تاحال مفرور ہیں اور ان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

Back to top button