بھارتی یوم آزادی: دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں

دنیا بھر میں کشمیری آج بھارت کا یومِ آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، اس موقع پر بھارت نے مقبوضہ وادی میں پابندیاں مزید سخت کرتے ہوئے جگہ جگہ نفری تعینات کر دی ہے۔
آج دنیا بھر میں جموں و کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جا رہا ہے۔ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو کشمیریوں کی مرضی کے خلاف ریاست پر غاصبانہ قبضہ کیا، 79 برسوں میں 5 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔
کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا پیدائشی حق مانگ رہے ہیں اور عالمی برادری سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے اور کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سیل کے مطابق بھارتی انتظامیہ کی جانب سے بھارتی یومِ آزادی پر مقبوضہ علاقے میں پابندیاں مزید بڑھا دی گئی ہیں۔ سری نگر اور دیگر قصبوں میں حساس مقامات پر بھارتی فوج، پیرا ملٹری اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
بھارتی فورسز نے اہم شاہراہوں پر اضافی چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں، مزید ناکے بھی لگا دیے گئے ہیں، جبکہ گاڑیوں، مسافروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لی جا رہی ہے۔ بھارتی فورسز نے سری نگر کے بخشی سٹیڈیم کو بھی مکمل طور پر حصار میں لے لیا ہے۔
سابق فوجیوں کا تجربہ پاک فوج کا قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے: فیلڈ مارشل
بخشی سٹیڈیم میں بھارتی یومِ آزادی کی نام نہاد مرکزی تقریب ہوگی۔ سٹیڈیم کی ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ ماہر نشانہ باز اہلکار بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔
