عمران خان پر اعتماد نہ کرنے والوں کی پارٹی میں رہنے کی گنجائش نہیں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کی رکنیت متاثر ہو سکتی ہے، عمران خان پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین ہیں اور ان پر اعتماد نہ کرنے والوں کی پارٹی میں رہنے کی گنجائش نہیں۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام منتخب اراکین عمران خان کے ڈسپلن کے پابند ہیں، اعتماد کے ووٹ اور فنانس بل پرکوئی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کرسکتا جب کہ حکومتی مؤقف کے ساتھ نہ چلنے والوں کی رکنیت متاثر ہوسکتی ہے اس لیے یقین ہے وہ ایسا نہیں کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان آپ کے لیڈر ہیں تو ان پر اعتماد کریں، اگرآپ عمران خان پر اعتماد نہیں کرتے توآپ کے پاس تحریک انصاف میں رہنے کی گنجائش نہیں رہتی کیوں کہ پی ٹی آئی عمران خان ہے، عمران خان بانی چیئرمین ہیں، عمران خان نہ ہوتے اور ان کے ووٹرز نہ ہوتے تو یہ لوگ بھی اسمبلی میں نہ ہوتے، عمران خان کو لیڈر مانتے ہیں تو لیڈر کے فیصلوں پر آمادگی ظاہر کرنا ہوتی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نے اراکین کو دعوت دی، ان کی گفتگو سنی اور یقین دلایا کہ ناانصافی نہیں ہوگی، ان کی خواہش تھی کہ تحقیقات کیلئے ان کی پسندیدہ شخصیت کو نامزد کیا جائے، وزیراعظم نے ان کے کہنے پر علی ظفر کو ذمہ داریاں سونپیں، اب علی ظفر نے ابھی اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرنا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدان جہانگیر خان کے ہم خیال سیاستدانوں نے جہانگیر ترین گروپ کے باقاعدہ قیام کا اعلان کیا، جہانگیر ترین گروپ نے فوری طور پر قومی اور صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرز بھی مقرر کردیے ہیں، پنجاب اسمبلی کے رکن نذیر چوہان کے مطابق راجہ ریاض کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر جبکہ سعید اکبر نوانی پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔ اس کے علاوہ جہانگیر ترین گروپ نے تین رکنی مذاکراتی کمیٹی بھی قائم کردی ہے جس کے اراکین میں راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال اور وہ خود شامل ہیں ، جہانگیر ترین گروپ کے باضابطہ گروپ کے قیام کا اعلان جہانگیر ترین کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں کیا گیا، اسی حوالے سے جہانگیر ترین گروپ کے قیام سے متعلق وزیراعظم ہاؤس نے رپورٹ طلب کر لی ہے، جہانگیرترین گروپ نے کس حیثیت سے قومی و صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کیے؟ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ بجھوائیں گے۔
