عمران خان کوان کااپنا تکبر لے ڈوبا ہے

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور ایم این اے سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ ہم تحریک انصاف کی حکومت ہٹانے کے حق میں نہیں تھے جبکہ عمران خان کوان کااپنا تکبر لے ڈوبا ہے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بی این پی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا کہ ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی تبدیلی کے حق میں نہیں تھی، ہم حکومت کی تبدیلی کے حق میں نہیں تھے، آج بھی یہی مؤقف ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ہٹانے سے ہمیں نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جن کا احسان مند ہونا چاہیے تھا سب سے پہلے ان کے ہاتھ کاٹے اور نئے سیاسی بٹیروں کو زیادہ اہمیت دی، عمران خان کو اپنا تکبر لے ڈوبا ہے، تحریک انصاف کے اپنے ارکان ناراض نہ ہوتے تو تحریک عدم اعتماد کامیاب نہ ہوتی۔
اختر مینگل نے کہا طالبان سے مذاکرات سے قبل ان سے مذاکرات کریں جو آپ کا اٹوٹ انگ ہیں، وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرکے گلے شکوے کیے ہیں، موجودہ حکومت بھی ہمارے مسائل کے حل میں بے بس نظر آرہی ہے۔
سرداراختر مینگل نے کہا کہ اپنے مسائل کے حل کے لیے ہم جن کی طرف اشارہ کرتے تھے عمران خان تسبیح پر ان کا نام لے کر تعریف کیا کرتے تھے، عمران خان کے ساتھ ہمارا مسئلہ لاپتا افراد اور ڈیولپمنٹ کا تھا،کسی بھی حکومت کے لیے بلوچستان کی کوئی اہمیت نہیں مگر جب ووٹوں کی ضرورت ہو تو بلوچستان یاد آتا ہے، گزشتہ حکومت میں ہم آواز اٹھاتے رہے لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔
اختر مینگل نے موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے یہ درست نہیں، کل کوئی اور پچھتا رہا تھا آج عمران خان پچھتا رہے ہیں، ایسا نہ ہو کل ہم پچھتائیں۔
