اسد قیصرکا سپیکرسے رانا ثنا، IGاسلام آباد کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے خط لکھ کر سپیکر قومی اسمبلی سے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ اور آئی جی اسلام آباد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے موجودہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کو خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور آئی جی اسلام آباد کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اپنے خط میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ایم این اے صالح محمد کو قواعد و ضوابط کے خلاف گرفتار کیا گیا، اور توہین آمیز طریقے سے ان کے گلے میں تختی لٹکا کر تصویر جاری کی گئی۔ خط میں مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی پولیس نے پوری دنیا میں پارلیمان کی بدنامی اور توہین کی، اسپیکر قومی اسمبلی ایوان کے سربراہ کے طور پر فوری نوٹس لے کر کارروائی کریں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 21 اکتوبر کو اسلام آباد پولیس نے الیکشن کمیشن کے باہر فائرنگ کے واقعہ میں ملوث تحریک انصاف کے مستعفی رکن قومی اسمبلی صالح محمد خان اور ان کے سیکیورٹی پر مامور خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کیا،مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں اقدام قتل اور پولیس کے ساتھ مزاحمت کی دفعات بھی شامل کی گئیں۔
درج مقدمہ میں مستعفیٰ ایم این اے صالح محمد خان اور ان کے گن مینز تصدق علی شاہ اورشاہ زیب ملزم نامزد کیے گئے،21اکتوبر کو توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی صالح محمد کے محافظ اور خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکار نے الیکشن کمیشن کے باہر سرکاری رائفل سے ہی فائرنگ کی تھی ،اسلام آباد پولیس نے دو گارڈز کو گرفتار جبکہ ایم این اے کو حفاظتی تحویل میں لے لیا جبکہ پولیس نے فائرنگ کرنے والے اہلکار کی سرکاری رائفل بھی قبضے میں لے لی۔

Back to top button