ڈنکی لگاکریورپ جانیوالے177پاکستانی لیبیاسےڈی پورٹ

غیرقانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کے دوران لیبیا میں پکڑے جانے والے 177 پاکستانی بے دخلی کے بعد پاکستان پہنچ گئے۔
ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق لیبیا سے بے دخل کیے جانے والے پاکستانی اسلام آباد پہنچے۔ جس کے بعد انکشاف یوا کہ یورپ جانے کے خواہش مند یہ تمام لوگ ڈنکی کے ذریعے لیبیا پہنچے تھے۔
لیبیا سے ڈی پورٹ ہونے والے تمام پاکستانیوں کو خصوصی طیارے کےذریعے پاکستان منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد واپس آنے والوں میں سے 59 کا تعلق لاہور، 58گجرات، 26 راولپنڈی، 23 گوجرانوالہ جبکہ 10 افراد سیالکوٹ اور ایک اسلام آباد کا رہائشی ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ یہ تما افراد ایران اور سعودی عرب کے راستے لیبیا پہنچے تھے، جہاں لیبیا بھیجنے والے ایجنٹس کو ریڈ بک میں شامل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ سے تمام ملزمان کو حراست میں لے کر اینٹی ہیومن سمگلنگ سیل ایف آئی اے منتقل کر دیا گیا ہے جس کے بعد انہیں وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مختلف زونز کے حوالے کیا جائے گا۔
