عمران خان کو ہمیشہ کیلئے ریٹائرمنٹ پر بھیجیں گے

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نوجوان قیادت کے لیے تیار ہے اور عمران خان جیسے سیاست دانوں کو ہم ہمیشہ کے لیے ریٹائرمنٹ پر بھیجیں گے۔

سندھ کے ضلع ملیرمیں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کی سیاست نفرت کی جبکہ پیپلز پارٹی کی سیاست محبت کی ہے،وقت آگیا ہے کہ عمران خان سیاست چھوڑ کر فنی گالا میں بیٹھ کر مزے کرے اور ملک و قوم کو جینے دے۔

انکاکہناتھا ملیر کے لوگوں نے ایک بار پھر پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کا ساتھ دیا ہے، آپ نے ہمارے امیدوار عبدالحکیم بلوچ کو جتوایا ہے، ملیر کے عوام نے ہر دور کے ظالم، آمر اور فرعون کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، یہاں کے نوجوان حقیقی آزادی کی اصل جنگ لڑ رہے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ جمہوری جدوجہد کس طرح کی جاتی ہے،2018میں بھی ڈاکا مارا گیا تاکہ نالائق، ناکام آدمی کو وزیر اعظم سلیکٹ کیا جائے، اور اس کا نقصان پورے پاکستان نے بھگتا، ان کا لوگوں سے کہنا تھا کہ ہم ان شا اللہ ہمیشہ آپ کا ساتھ دیں گے، آپ کے دکھ، درد اور خوشی میں شریک ہوں گے، ہم مل کر نہ صرف کراچی کے عوام کی خدمت کریں گے بلکہ ہم پورے پاکستان کے عوام کی آواز بن کر ان کی بھی خدمت کریں گا۔

انہوں نے کہا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور تمام اتحادیوں کے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا، انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جھوٹا اور منافق آدمی ہے، یہ سمجھتا ہے کہ تین، چار مہینے بعد پاکستان کے عوام بھول چکے ہیں کہ چار سال کے اندر اس شخص نے پاکستان کا کیا حشر کیا تھا، اس شخص نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن حکومت میں آکر روزگار چھین رہا تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا یہ شخص لاکھوں گھر بنانے کا وعدہ کرکے حکومت میں آکر غریبوں کے سر سے چھت چھین رہا تھا، آج بھی اس کی پوری کی پوری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے، وہ پہلے بھی سلیکٹڈ تھا، اور اب پھر جدوجہد کر رہا ہے کہ ایک بار پھر وہ سلیکٹ ہوجائے،ہم پاکستان کے عوام پر بھروسہ کریں گے، آگے جاکر بھی اس کٹھ پتلی کو شکست دلوائیں گے، آج بھی اس کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا پہلے ہم کہتے تھے کہ یہ سلیکٹڈ کٹھ پتلی ہے، اس کی ڈوریں کہیں اور سے چلتی ہیں، تو تب نہیں مانتا تھا اور کہتا تھا کہ ہم تو ایک پیج پر ہیں، اب خود مانتا ہے کہ اس کے ہاتھ میں کوئی اختیار نہیں تھا، اگر اس کے ہاتھ میں اختیار نہیں تھا تو اسے استعفیٰ دینا چاہیے تھا،یہ خود تاریخ کا سب سے بڑا چور نکلا ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کہا تھا کہ پاکستان میں جتنی کرپشن اس عمران خان کے دور میں ہوئی ہے، ماضی میں کبھی نہیں ہوئی، یہ ہر کسی کو چور چور کہتا ہے، خود چندہ چور نکلا، یہ اپنا کچن شوکت خانم ہسپتال سے چلاتا ہے، ہر کسی پر الزام لگانے والا سب سے بڑا چور نکلا۔

انکا کہنا تھاعمران خان کی سیاست نفرت کی جبکہ پیپلز پارٹی کی سیاست محبت کی ہے، آنے والا وقت ثابت کرے گا کہ پاکستان نوجوان قیادت کے لیے تیار ہے، اور عمران جیسے سیاست دانوں کو ہم ہمیشہ کے لیے ریٹائرمنٹ پر بھیجیں گے، نومنتخب رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ کی جانب سے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں وزیر اعلیٰ سندھ سے امید رکھتا ہوں کہ 90 دن کے اندر میں چاہوں گا کہ ان سارے مطالبات پر کام شروع ہو،گرین بیلٹ، شہید بے نظیر بھٹو میڈیکل کمپلیکس، انجینئرنگ کالج ملیر، لیاری یونیورسٹی کا ملیر کیمپس، اربن ویلیج ریگولائزیشن اور 30 سال لیز کی درخواست کی گئی ہے، میں اس حوالے سے 90 دن میں رپورٹ طلب کروں گا۔

Back to top button