عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد ساٹھ ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کر دی گئی

سعودی عرب نے عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد 60‌ ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ کر دی ہے ، کرونا وبا کے بعد پہلی مرتبہ خانہ کعبہ کے بیرونی صحن میں‌ نماز ادا کی جائے گی۔

کرونا وبا کی صورت حال بہتر ہونے پر سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے معتمرین کی تعداد 1 لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ خانہ کعبہ میں یومیہ 60 ہزار نمازیوں کو عبادت کی اجازت ہوگی۔

نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے اعلان کے بعد مسجد حرام میں بیرونی صحن کو بھی نماز کی ادائیگی کے لیا تیار کیا جا رہا ہے۔ کرونا کی وبا کے آغاز کے بعد بیرونی صحن میں نماز ادا کیے جانے کا یہ پہلا موقع ہو گا۔

سعودی حکومت کی جانب سے ویکسین لگوانے والے 70 برس سے زائد عمر افراد کو بھی عمرے کی اجازت دی گئی ہے، اسی طرح 17 اور 18 سالہ مقامی نوجوان بھی عمرہ ادا کریں گے۔اس دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور صرف ویکسین شدہ افراد کو ہی مسجد الحرام میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔

مطاف کے صحن میں 25 نئے ٹریک بنائے گئے ہیں جو عبادت گزاروں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔اس حوالے سے انجینئر معین قاروت کے مطابق سماجی فاصلے کے اسٹیکروں کی ترتیب مسجد حرام میں آنے والے افراد کی تعداد کی مناسبت سے رکھی گئی ہے۔

Back to top button