کرنٹ سے اموات پر حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 3 کروڑ سے زائد جرمانہ
شہریوں کی کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں پر نیپرا نے حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 3 کروڑ روپے سے زائد کا جرمانہ کر دیا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے اعلامیے کے مطابق جرمانہ جولائی 2019 سے اکتوبر 2020 کے دوران کرنٹ سے ہونے والی اموات پر کیا گیا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جولائی2019 سے اکتوبر 2020 کے دوران کرنٹ سے 15 افراد کو جان سے ہاتھ دھونا پڑا ، اس حوالے سے تحقیقات کیلئے 3 ممبران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
15میں سے 12 اموات کا حیسکو کو ذمہ دار قرار دیا گیا تھا جبکہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق 12 افراد میں حیسکو کے 5 ملازمین اور 7 عام شہری شامل تھے۔
حیسکو کو سوگوار خاندانوں کو 35 لاکھ فی کس معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔نیپرا کے مطابق سماعت کا موقع فراہم کیے جانے کے باوجود حیسکو قانونی ذمہ داریاں انجام دینے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے ۔
