ایران نے آبنائے ہرمز میں چھوٹی آبدوزیں تعینات کر دیں

ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے اعلان کیا ہے کہ مقامی طور پر تیار کردہ ہلکی اور چھوٹی آبدوزیں آبنائے ہرمز میں  تعینات کر دی گئی ہیں جو کسی بھی دشمن کو روکنے اور تباہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا کہ جدید خطرات اور آپریشنل ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی یہ آبدوزیں اس وقت بالکل الرٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ آبدوزیں طویل وقت تک سمندر کی تہہ میں خاموشی سے موجود رہ کر نگرانی کر سکتی ہیں اور ضرورت پڑنے پر دراندازی کرنے والے اہداف کو تباہ بھی کر سکتی ہیں۔

ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا کہ ’یہ آبدوزیں، جنہیں ہمارے بحری افسران ‘خلیج فارس کی ڈولفنز’ کے نام سے جانتے ہیں ہماری بحری طاقت کا اہم حصہ ہیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں یہ آبدوزیں ایرانی جنگی جہاز کے شہداء کے نام سے منسوب ایک  آپریشن کے دوران آبنائے ہرمز میں سطح آب پر آئیں تاکہ ایران کی دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کیا جا سکے جس کے بعد وہ اپنی کارروائیوں کے لیے سمندر کی گہرائی میں واپس چلی گئیں۔

Back to top button