عمر شریف کی طبعیت ناساز ہونے پر امریکہ روانگی موخر

معروف کامیڈین عمر شریف کو علاج کے لیے امریکہ لے جانے کے لیے ائیر ایمبولینس کراچی ائیر پورٹ پر پہنچ گئی ہے تاہم عمر شریف کی طبعیت ناساز ہونے کی وجہ سے ان کی امریکہ روانگی کو موخر کر دیا گیا ہے۔نجی ہسپتال میں زیر علاج  شہرت یافتہ کامیڈین، ڈرامہ نگار اور فلم سٹار عمر شریف کی حالت ایک مرتبہ پھر بگڑنے پر انہیں سی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے  ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمر شریف کا بلڈ پریشر کم ہوگیا تھا اور طبیعت بگڑنے پر انہیں سی سی یو وارڈ منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں اگلے 48 گھنٹے تک زیر نگرانی رکھا جائے گا اور  طبیعت بہتر ہونے پر ہی  ان کو بیرون ملک روانہ کیا جائے گا۔

 ایئرایمبولینس فلپائن سے پاکستان کے کراچی ایئرپورٹ پرلینڈ کرگئی ہے ، سی اے اے کے شعبہ ایئرٹرانسپورٹ نے ائیرایمبولینس کولینڈنگ کی خصوصی اجازت دے رکھی تھی۔ امریکا میں مقیم امراض قلب کے ماہرڈاکٹراورپاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہرڈاکٹر طارق شہاب نے واشنگٹن میں عمرشریف کے علاج معالجے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں  اوروہ پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

معروف کامیڈین عمرشریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن ہسپتال منتقل کیا جانا تھا جہاں ان کے دل کے والو کا ایک بالکل نئی تکنیک ’مائٹرل والو کلپنگـ‘ کے ذریعے علاج کیا جائے گا۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت اوپن ہارٹ سرجری کے بغیر ہی والو کا علاج کیا جاتا ہے۔

Back to top button