فارن فنڈنگ کیس: تحریک انصاف نے اسکروٹنی کمیٹی کے پاس دستاویزات جمع کرا دیں

حکمران پاکستان تحریک انصاف نے فارنگ فنڈنگ کیس میں اس کے اکاؤنٹس کے آڈٹ کرنے والے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اسکروٹنی کمیٹی کے پاس مزید دستاویزات جمع کرا دی ہیں۔
باخبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ دستاویزات جمعرات کو کمیٹی کے حالیہ سوالنامے کے جواب میں جمع کرائی گئیں۔جمعرات کو دو ماہ سے زیادہ کے وقفے کے بعد کمیٹی کا اجلاس ہوا جس نے اب تحریک انصاف کی جانب سے جمع کرائی جانے والی تازہ ترین دستاویزات پر نظرثانی کے لیے وقت مانگا ہے، تاہم کمیٹی نے درخواست گزار اکبر ایس بابر کے ساتھ نئی دستاویزات شیئر کرنے سے انکار کردیا۔اکبر ایس بابر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر شوگر اسکینڈل کے سلسلے میں 10 کمپنیوں کا فرانزک آڈٹ چند ہفتوں میں مکمل ہوسکتا ہے تو پی ٹی آئی کے کھاتوں کے تفصیلی فرانزک آڈٹ میں تقریباً 3سال نہیں لگنے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ عوام طویل تاخیر سے چلائے گئے کیس کا جلد نتیجہ چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 6سال سے زائد عرصے سے زیر التوا کیس کی سماعت اور نتیجہ اخذ کرنا چاہیے۔دریں اثنا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج اسلام آباد محمد علی وڑائچ نے تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر کے خلاف وزیر اعظم عمران خان کے توسط سے پی ٹی آئی کی جانب سے دائر ہتک عزت کیس کو خارج کردیا۔یہ کیس گزشتہ سال جولائی میں درج کیا گیا تھا جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے سبب ہونے والے نقصانات کے لیے اکبر ایس بابر سے 5 ارب روپے کی وصولی کا مطالبہ کیا تھا۔اکبر ایس بابر کی جانب سے بدر اقبال چوہدری پیش ہوئے تھے جبکہ حسن رشید قمر نے تحریک انصاف کی نمائندگی کی، بدر اقبال چوہدری بھی پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں سید احمد حسن شاہ کی سربراہی میں قانونی ٹیم کا حصہ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button