فن لینڈ کی لیڈی وزیراعظم ڈرگ ٹیسٹ میں بے قصور ثابت

فن لینڈ کی 36 سالہ خاتون وزیر اعظم نے خود پر ایک نجی ڈانس پارٹی کے دوران منشیات استعمال کرنے کے الزام کو اپنا ڈرگ ٹیسٹ کروا کر غلط ثابت کر دیا ہے جسکے بعد ان کے سیاسی مخالفین کے منہ بند ہو گئے ہیں۔ فن لینڈ کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی وزیراعظم سنا مارین نے اپنے دوستوں کے ساتھ ایک ڈانس پارٹی میں شرکت کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہوگئی۔ اس ویڈیو میں فن لینڈ کی وزیراعظم اپنی سہیلیوں اور دوستوں کے ساتھ ہلہ گلہ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ یہ ویڈیو لیک ہونے کے بعد سنا سیاسی مخالفین کی جانب سے سخت تنقید کی زد میں آ گئیں اور ان پر یہ الزام لگایا گیا کہ انہوں نے پارٹی میں شراب نوشی کے علاوہ منشیات کا بھی استعمال کیا۔ فن لینڈ کی اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ سنا 24 گھنٹے کے اندر اپنا ڈرگ ٹیسٹ کروائیں تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ انہوں نے منشیات کا استعمال کیا یا نہیں۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 36 سالہ سنا مارین نے اپنا ٹیسٹ کروا لیا ہے جس کی رپورٹ منفی آئی ہے یعنی انہوں نے منشیات کا استعمال نہیں کیا تھا۔ یہ رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد سنا نے کہا ہے کہ وہ اپنی دفتری ذمہ داریاں نبھانے کے لیے فٹ ہیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کے مخالفین نے ان کی ایک وڈیو سامنے آنے کے بعد یہ الزام لگایا کہ میں ایک ایسی جگہ تھی جہاں ڈرگز کا استعمال ہو رہا تھا اور میں خود بھی ڈرگز لے رہی تھی۔فن لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ یہ الزامات سنجیدہ تھے اور میں نے اسی لیے آج ڈرگ ٹیسٹ کرو الیا ہے جس کا رزلٹ نیگیٹیو آیا ہے۔
خیال رہے کہ 2019 میں منتخب ہونے والی دنیا کی نوجوان ترین حکومتی سربراہ پر اپوزیشن اور ان کے حکومتی اتحادیوں کی جانب سے ڈرگ ٹیسٹ کے لیے زور دیا گیا تھا، سوشل ڈیموکریٹ رہنما سنا مارین نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی ڈرگز نہیں لیں اور پارٹی میں شریک کسی شخص کو بھی ڈرگز لیتے نہیں دیکھا۔ سنا مارین کی ایک نجی پارٹی میں مقامی فن کاروں اور بااثر شخصیات کے ساتھ ڈانس کی ویڈیوز سوشل میڈیا اور مقامی میڈیا پر نشر ہوئی تھی۔ سنا مارین نے کہا کہ ان کو معلوم تھا کہ انکی ویڈیوز بنائی جا رہی ہیں مگر انہیں یہ خیال نہیں تھا کہ وہ ویڈیوز عوامی سطح پر جائیں گی۔ وزیراعظم سنا نے کہا کہ ویڈیوز نجی ہیں اور ایک نجی پارٹی میں ریکارڈ کی گئی ہیں اور مجھے اس بات پر رنج ہے کہ ان ویڈیوز تک عوام کو رسائی مل گئی ہے، لیکن مجھے علم نہیں کہ ویڈیوز کس نے لیک کی ہیں۔
