دراز پر قائد اعظم زندہ باد نامی فلم 20 روپے میں برائے فروخت


پاکستان کی مقبول ترین آن لائن آئوٹ لیٹ درازڈاٹ کام تب ایک بڑے تنازعے کی زد میں آ گئی جب بڑی عید پر پاکستانی سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی مشہور اردو فلم ’’قائداعظم زندہ باد‘‘ محض 20 روپے میں فروخت کے لیے پیش کر دی گئی۔

دراز ڈاٹ کام کی انتظامیہ نے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بننے کے بعد اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اس فلم کی 20 روپے میں فروخت غیر قانونی طور پر کی جا رہی تھی، Daraaz نے فلم ساز نبیل قریشی کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ پلیٹ فارم پر ایک سیلر یعنی دکاندار نے ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی کاپی کو غیر قانونی طور پر فروخت کے لیے پیش کیا تھا، دراز آن لائن اسٹور کے مطابق اس معاملے کا علم ہونے پر انتطامیہ نے ’قائد اعظم زندہ باد‘ کو فروخت ہونے والی اشیا کی فہرست سے فوری خارج کر دیا۔ تاہم جب ان سے سوال کیا گیا کہ کہ دراز ڈاٹ کام کی انتظامیہ کی مرضی کے بغیر یہ فلم ان کی ویب سائٹ پر فروخت کے لئے کیسے پیش کر دی گئی تو انہوں نے واضح کیا کہ ایسا سسٹم میں گھس کر انتظامیہ کی مرضی کے بغیر کیا گیا اور Daraaz اس طرح کے غیر قانونی کاموں کو سپورٹ نہیں کرتا۔

دراز ڈاٹ کام کی انتظامیہ نے یہ وضاحت تب دی جب ’قائد اعظم زندہ باد‘ کے فلم ساز نبیل قریشی نے ایک ٹوئٹ میں انکشاف کیا کہ دراز نامی آن لائن اسٹور کی ویب سائٹ پر ان کی فلم کو کوڑیوں کے بھاؤ فروخت کیا جا رہا ہے جو کہ سراسر غیر قانونی عمل ہے۔ فلم ساز نے لکھا کہ ان کی فلم جو ابھی تک سینما ہالز میں دکھائی جا رہی ہے، اس کی چوری شدہ کاپی کو غیر قانونی طور پر Daraaz پر محض 20 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، انہوں نے دھمکی دی کہ ان کی فلم پروڈکشن ٹیم دراز کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔ نبیل قریشی کے بعد فلم کی پروڈیوسر فضا علی میرزا نے بھی قائد اعظم زندہ باد نامی فلم دراز پر محض 20 روپے میں فروخت کرنے پر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے کروڑوں روپے لگا کر فلم بنائی، جس کی چوری شدہ کاپی غیر قانونی طور پر اتنے سستے داموں فروخت کی جا رہی ہے؟ فلم ساز نے اس عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے Daraaz کی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا، ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی ہیروئن ماہرہ خان نے بھی اس حرکت پر برہمی کا اظہار کیا جبکہ عام صارفین نے بھی فلم کی غیر قانونی فروخت پر اظہار افسوس کیا۔ تاہم بعض صارفین نے فلم کی ٹیم کو بتایا کہ دراز سے قبل ہی ان کی فلم متعدد ویب سائٹس پر اپ لوڈ کر دی گئی تھی۔

صارفین کے مطابق ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی کاپی کو مختلف ویب سائٹس پر اپ لوڈ کیا جا چکا ہے، جسے لوگ اب مفت میں دیکھ رہے ہیں، خیال رہے کہ ’قائد اعظم زندہ باد‘ کو عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا گیا تھا، جس میں فہد مصطفیٰ نے سندھ پولیس کے افسر گلاب کا کردار ادا کیا تھا جب کہ ماہرہ خان پہلی بار ان کے ساتھ بطور ہیروئن دکھائی دی تھیں۔ فلم نے گزشتہ ایک ماہ میں 50 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے اور اسے کرونا وبا کے خاتمے کے بعد سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پاکستانی فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

Back to top button