علی سیٹھی کی ’’پسوڑی‘‘ کے افریقی ورژن کی بھی دھوم

معروف صحافی اور تجزیہ کار نجم سیٹھی کے گلوکار صاحبزادے علی سیٹھی کے گائے ہوئے گانے ’’پسوڑی‘‘ نے دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اب افریقہ میں بھی انٹری دے دی ہے۔ ’’پسوڑی‘‘ کا افریقی ورژن بھی کسی طور اسکے پاکستانی ورژن سے کم نہیں، شائقین پوری طرح ’پسوڑی ریمکس‘ کے سحر میں ڈوب چکے ہیں۔
علی سیٹھی نے ’پسوڑی ریمکس‘ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ان کے گانے کو کوک اسٹوڈیو افریقہ نے نئے انداز میں پیش کیا ہے، انہوں نے اپنے گانے میں افریقی سُر شامل کرنے پر نائیجریا کے گلوکار ریکادو بینکس اور مصری گلوکار مرواع موسیٰ سمیت ڈانسر بنیت کور کا بھی شکریہ ادا کیا۔ علی سیٹھی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کے گانے کو کوک اسٹوڈیو افریقہ نے نئے انداز میں پیش کرکے مداحوں کو ایک اور خوبصورت تحفہ دیا ہے، پسوڑی ریمکس کا آغاز علی سیٹھی کی گلوکاری سے ہی ہوتا ہے جب کہ اختتام بھی ان کی گلوکاری سے ہی ہوتا ہے۔
پسوڑی گانے کے افریقی ورژن میں مصری گلوکار عربی زبان میں جبکہ نائیجیرین گلوکار مقامی زبان میں گلوکاری کرتے دکھائی دیتے ہیں، پسوڑی ریمکس کو تین مختلف زبانوں میں پیش کیا گیا ہے جب کہ گانے کی ویڈیو کے دوران ’پسوڑی‘ تھیم پر ڈانسر بنیت کور حسن کے جلوے بکھیرتی دکھائی دیتی ہیں۔ پسوڑی ریمکس‘ کو 18 اگست کو یوٹیوب پر جاری کیا گیا تھا جو دیکھتے ہی مقبول ہوگیا، پسوڑی ریمکس کی ویڈیو کو مصری و نائیجیرین گلوکاروں سمیت ڈانسر بنیت کور نے بھی شیئر کیا۔
خیال رہے کہ پنجابی زبان کے گانے ’پسوڑی‘ کو رواں برس فروری میں ’کوک اسٹوڈیو 14‘ کے تحت پاکستان میں ریلیز کیا گیا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہو گیا۔ علی سیٹھی اور شائے گِل کے 7 فروری کو ریلیز ہونے والے اس گانے نے یوٹیوب پر 300 ملین یعنی 30 کروڑ ویوز اپنے نام کیے۔ پسوڑی نے جہاں یوٹیوب پر دھوم مچائی وہیں رواں سال ریلیز ہونے والی مارول سیریز ’مس مارول‘ میں بھی اس گانے کو شامل کیا گیا تھا، اس وقت دنیا بھر کے عوامی مقامات پر یہ گانا شوق سے سنا جارہا ہے جب کہ میوزک سٹریمنگ پلیٹ فارم سپاٹیفائی پر یہ گانا 11 کروڑ سے زائد بار سنا جا چکا ہے۔
