عمران کیIG اسلام آباد،DIGاورخاتون مجسٹریٹ کودھمکی

چیئرمین تحریک انصاف وسابق وزیراعظم عمران خان نے بغاوت کے مقدمہ میں زیرحراست شہباز گل پرمبینہ تشدد کے خلاف آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پرکیس کرنےکا اعلان کرتے ہوئے ریمانڈ دینے والی خاتون مجسٹریٹ کو نام لیکر دھمکی بھی دی۔
اسلام آباد میں جلسہ سے خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے جو کہا مریم ، نواز شریف، زرداری اور فضل الرحمان اس سے زیادہ بول چکے ہیں، جس طرح شہبا زگل کو اٹھایا گیا، دو دن جو تشدد کیا اور اس طرح رکھا جیسے ملک کا کوئی بڑا غدار پکڑا گیا، اگر شہباز گل کے ساتھ یہ سلوک کر رہے ہیں یہ کسی سے بھی کرسکتے ہیں، شہبازگل پر تشدد کے ذریعے ہمیں ڈرانے کی کوشش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی جی، ڈی آئی جی اسلام آباد ہم تم کو نہیں چھوڑیں گے، تم پر کیس کریں گے اور مجسٹریٹ زیبا چوہدری آپ کو بھی ہم نے نہیں چھوڑنا، کیس کرنا ہے تم پر بھی، مجسٹریٹ کو پتہ تھا کہ شہباز پر تشدد ہوا پھر بھی ریمانڈ دے دیا، بڑے ادب سے سپریم کورٹ کوکہتا ہوں قانون کی حکمرانی پر عمل درآمد آپ کا کام ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہاشہبازگل کے اوپرکیس ہوسکتا ہے تو فضل الرحمان، نواز شریف اوررانا ثنااللہ اورخواجہ آصف سب پرکیس کریں گے، اسلام آباد پولیس سے پوچھا تو پولیس نے کہا ہم نےکچھ نہیں کیا ہمیں پیچھے سے بوٹ لگا تھا۔
انہوں نے کہا25مئی کو قوم کبھی نہیں بھولے گی، 25 مئی کو بچوں اور عورتوں پر شیلنگ کی گئی، پر امن احتجاج پر دہشت گردی سے دہشت پھیلائی گئی، سب سن لو ہم چوروں کے ٹولے کو تسلیم نہیں کریں گے، یہ ایسا وقت ہے اگر اس خوف کے بت کے سامنے جھک گئے تو تباہ ہو جائیں گے، دنیا کی تاریخ میں ہےکہ فرعون لوگوں کو خوف کے اوپر غلام بناتے تھے، جو گل کے ساتھ ہوا وہ ہمیں غلام بنانے کے لیے تھا۔
عمران خان نے کہا چنگیز خان جہاں حملہ کرتا تھا وہاں کھوپڑیوں کے میناربناتا تھا، چنگیز خان اس طرح خوف پھیلاتا تھا کہ لوگ لڑے بغیر ہتھیار ڈال دیتے تھے،اس وقت پاکستان میں بھی یہی ہو رہا ہے، خوف پھیلا کر عوام کو غلام بنانےکی کوشش کی جا رہی ہے۔
