12سے24گھنٹوں کے دوران گرج چمک کےساتھ بارش کاامکان

این ڈی ایم اے نےآئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے تیز ہوائیں، آندھی، شہری سیلاب اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے پیدا ہونے والے سیلابی خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔موجودہ موسمی نظام اس موسمی پیش گوئی کے مطابق ہے جو 3 سے 4 ماہ قبل جاری کی گئی تھی۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے حساس پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ندی نالوں میں طغیانی، مٹی کے تودے گرنے اور ملبے کے بہاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور گرد آلود طوفانوں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
متاثر ہونے والے شہروں میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، گجر خان، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، خوشاب، جھنگ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
