’’فیصل قریشی بھارتی فلموں کی پاکستان میں ریلیز کے خواہاں‘‘

سینئر اداکار فیصل قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی عوام بھارتی فلموں کو بے حد پسند کرتے ہیں، بلکہ بھارتی گانوں پر خوب رقص بھی کرتے ہیں، اس لیے پاکستانی سینمائوں کی بحالی بھارتی فلموں کی ریلیز سے ہی ممکن ہے جس کی اجازت ملنی چاہئے۔فیصل قریشی ماضی میں پاکستان میں بھارتی فلموں کی مقبولیت پر بات کر چکے ہیں، اب ایک بار پھر انہوں نے کہا ہے کہ اس بات کو تسلیم کیا جانا چاہئے کہ ہمارے پاس بھارتی فلمیں مقبول ہیں، اداکار نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔انہوں نے بتایا کہ مرحوم اداکار خالد بٹ ان کے ہمراہ ڈراما خائی کی شوٹنگ کے دوران انتہائی علیل تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے ڈرامے کی مکمل شوٹنگ میں حصہ لیا۔ان کے مطابق شوٹنگ شروع ہونے سے قبل خالد بٹ بیماری اور کمزوری سے کانپ رہے ہوتے تھے لیکن شوٹنگ شروع ہوتے ہی ٹھیک ہوجاتے تھے، فیصل قریشی کے مطابق انہوں نے کسی کے دباؤ میں آکر پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کی بات نہیں کی تھی بلکہ انہوں نے حقیقت بیان کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ تسلیم کرنا چاہئے کہ ہمارے لوگ شوق سے ہندوستانی فلمیں دیکھتے ہیں اور ان کے گانوں پر ناچتے ہیں۔مثال دی کہ ہماری شادیوں میں لوگ بھارتی گانوں پر ہی ڈانس کر رہے ہوتے ہیں۔اداکار کے مطابق بھارتی فلموں اور پاکستانی فلموں میں انٹرٹینمنٹ کی سطح کا فرق ہوتا ہے، جس وجہ سے ہندوستانی فلمیں مقبول ہوتی ہیں، یہ بھی کہا کہ 2019 سے قبل جب بھارتی فلمیں پاکستانی سینماؤں میں لگتی تھیں، تب کی پاکستانی فلموں کی کمائی کا موازنہ آج کی پاکستانی فلموں کی کمائی سے کریں تو بات سمجھ جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلموں کی کم کمائی کا ایک بڑا سبب یہاں کے ٹکٹس مہنگے ہونا بھی ہے، جب کہ 200 سے 250 ٹکٹ ہوگا تو ہر کوئی شوق سے فلم دیکھے گا لیکن جب ٹکٹ 1200 سے شروع ہوگا تو وہ شخص چاہے گا کہ جتنے پیسے خرچ کر رہا ہوں، فلم بھی ایسی ہی ہو اگر سینما کا ٹکٹ 200 ہوگا تو کوئی بھی شخص یہ شکوہ نہیں کرے گا کہ اس نے زیادہ پیسے خرچ کیے ہیں، اس لیے اسے فلم بھی اتنی ہی اچھی چاہئے۔
