فیصل واوڈا کی نااہلی سماعات رکوانے کی درخواست مسترد
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کی جانب سے اپنے خلاف نااہلی کیس کی سماعت رکوانے کی درخواست کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے خارج کر دیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ کے روبرو درخواست کی سماعت دوران فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کا 12 اکتوبر کا فیصلہ چیلنج کرکے سماعت رکوانے کی اپیل کی۔
سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فیصل واوڈا کے وکیل سے کہا کہ الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرنے دیں ، آپ کو کیا ڈر ہے ۔جج کے ریمارکس پر وکیل نے جواب دیا کہ یہ کیس سینیٹ الیکشن سے متعلق ہے ، الیکشن کمیشن کسی بھی امیدوار کی کامیابی کے 60 روز میں اہلیت کا فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتا ہے، الیکشن کمیشن کی کارروائی روک کر فیصلہ غیر قانونی قرار دیا جانا چاہئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 60 روز کی مدت میں فیصل واوڈا کیخلاف درخواست آ چکی تھی اگر آپ کے ہاتھ صاف ہیں تو ڈر کیسا ؟ الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی کا حق حاصل ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست کو مسترد کردیا۔
