لاہور، سلنڈر پھٹنے سے فیکٹری میں آتشزدگی، 12 افراد جاں بحق

لاہور کے علاقے شاہدرہ امامیہ کالونی میں قائم پرفیوم تیار کرنے والی فیکٹری میں سلنڈر پھٹنے سے عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے سے خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کی وجہ سےاموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق کے شاہدرہ کے قریب نواحی علاقے امامیہ کالونی سے ملحقہ پیرزادہ کالونی میں دھماکے سے دو منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی.آگ لگنے سے عمارت زمین بوس ہوگئی تھی اور اس کے ساتھ نمکو بنانے والی فیکٹری بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ اس حوالے سے ڈی او ریسکیو رانا اعجاز نے بتایا کہ آتشزدگی کے وقت 15 سے زائد مزدور فیکٹری میں کام میں مصروف تھے۔ اموات کی وجوہات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا تھا تاہم چھت گرنے سے ملبے تلے دبنے کے باعث اموات ہوئیں۔ سلنڈر پھٹنے سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں فیکٹری کے مالک غلام رسول بھی جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق آگ کے باعث فیکٹری کی بالائی منزل پر واقع کوارٹرز کی چھت گرنے سے 12 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق جب کہ دو زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ انہیں یہ معلوم تھا کہ اس فیکٹری میں کپڑا بنتا ہے لیکن یہاں پرفیوم تیار کیے جانے اور کیمیکل کی موجودگی کا علم اس واقعے کے بعد ہوا۔ واقعے کے اطلاع ملتے ہی متعلقہ ادارے اور ریسکیو ٹیمز جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا۔ ریسکیو ٹیمز فیکٹری کا ملبہ ہٹانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جب کہ اب تک 6 افراد کی لاشوں کو ملبے سے نکالا جاچکا ہے۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے جن افراد کی شناخت ہوئی ان میں 37 سالہ جمیل، 65 سالہ زاہد، ان کی اہلیہ رشیداں بی بی، 6 سالہ اریبہ اور 9 سالہ موسیٰ شامل ہیں۔ سلنڈر پھٹنے سے تباہ ہونے والی فیکٹری پر امدادی کارروائیوں میں ریسکیو 1122 کی 10 گاڑیاں اور ایمبولینسز حصہ لیا۔
