لاہور کے شمال میں جدید شہر بسانے کےلئے علیحدہ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا لاہور کے شمال میں جدید شہر بسانے کےلئے علیحدہ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک لاکھ ایکٹر سے زائد کے رقبے پر نیا شہر دبئی کی طرز پر بنایا جائے گا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریور راوی فرنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ ریور راوی فرنٹ اتھارٹی کی سربراہی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزادر خود کریں گے۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے میں میں بلند و بالا (ہائی رائز) بلڈنگز کے قیام کو ترجیح دی جائے گی جب کہ نئے شہر میں ایک بڑی جھیل اور 3 بیراج بھی بنائے جائیں گے۔ نیا شہر بسنے سے نہ صرف لاہور کے ماحولیات، پانی اور ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جاسکے گا بلکہ نجی شعبے کی جانب سے 5 ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری بھی متوقع ہے۔
خیال رہے کہ لاہور شہر میں آبادی بڑھنے کی وجہ سے لوگوں کےلئے زندگیاں گزارنا مشکل ہو گیا ہے، لاہور میں لوگوں کے بے شمار رش کی وجہ سے اکثر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم یہ پنجاب حکومت کی جانب سے ایک احسن قدم ہوسکتا ہے۔
اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ منصوبہ حکومت کی جانب سے 50 لاکھ گھر دینے کے اعلان کے نتیجے میں سامنے آیا ہے جس کے بعد کوشش کی جائے گی کہ لاہور کے شمالی علاقے یعنی دریائے راوی کے قریب علاقے میں ایک نئے شہر کو آباد کر دیا جائے، شہر کے نام کے حوالے سے ابھی تک کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی، تاہم وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریور راوی فرنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے اور وہ خود اس کی سربراہی کریں گے۔ اس کے علاوہ بتایا گیا ہے کہ نئے شہر کو دبئی کے طرز پر تیار کیا جائے گا۔
