لاہور : وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی گاڑی پر فائرنگ، ملزم گرفتار

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی گاڑی کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں وہ محفوظ رہے جب کہ پولیس نے ملزم کو گرفتا کرلیا۔
پولیس کےمطابق کار سوار نوجوان نے وفاقی وزیر عطا تارڑ کی گاڑی کو اوور ٹیک کیا اور فائر کردیے،جس کےبعد نوجوان لڑکے کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ہوائی فائرنگ کا واقعہ ڈیفنس اے کی حدود میں گزشتہ رات پیش آیا،ملزم کی گرفتاری کےلیے سیف سٹی اتھارٹیز اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی گئی۔
پولیس کےمطابق ملزم کے زیراستعمال گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیاگیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور یہ معلوم کیا جارہا ہے کہ فائرنگ کی وجوہات کیا تھیں اور آیا یہ واقعہ ہوائی فائرنگ تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور مقصد کار فرما تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے واقعے کی تصدیق کرتےہوئے بتایاکہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ ڈیفنس میں جارہے تھے کہ ایک گاڑی نے بائیں جانب سے انہیں کراس کیا اور پانچ فائر کیے۔
عطا تارڑ کے مطابق فائرنگ کےبعد انہوں نے مشتبہ گاڑی کا تعاقب کیا اور فوری طور پر قریبی پولیس ناکے کو اطلاع دی،جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
