لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 4 افراد جاں بحق، 20 زخمی

اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، زخمیوں میں متعدد خواتین اور 3 بچے بھی شامل

بیروت: لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں 4 افراد جاں بحق اور کم از کم 20 زخمی ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، یہ کارروائی اسرائیلی اہلکاروں پر ہونے والے دو ڈرون حملوں کے جواب میں کی گئی۔

لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو افراد جنوبی لبنان کے علاقے نباتیہ الفوقہ میں، جبکہ دو خواتین عرب سلیم کے قریب جان کی بازی ہار گئیں۔ وزارت نے بتایا کہ زخمیوں میں متعدد خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے عرب سلیم میں ایک عمارت کے اطراف رہنے والے شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ دی تھی۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حزب اللہ اس عمارت کو استعمال کر رہی تھی اور اسے نشانہ بنایا جانا تھا۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے انتباہ میں مذکورہ عمارت کے بجائے ایک دوسرے گھر کو نشانہ بنایا اور اسے تباہ کردیا، جس کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق ہوئیں۔ بعد ازاں اس عمارت پر بھی حملہ کیا گیا جسے خالی کرنے کی وارننگ دی گئی تھی۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے مزید بتایا کہ نباتیہ میں واقع غنڈور اسپتال کے ایک حصے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یہ اسپتال کئی برسوں سے فعال نہیں تھا۔

ادھر نباتیہ شہر میں ہونے والے ایک شدید فضائی حملے میں ایک تاریخی عمارت کو نقصان پہنچا، جبکہ سرکاری مالیاتی اور زرعی اداروں کے دفاتر بھی متاثر ہوئے۔

Back to top button