لنکا لیگ،بابراعظم نے جوئے کی تشہیر سے صاف انکار کردیا

بابر اعظم نے لنکا پریمیئر لیگ میں جوئے کی تشہیر سے صاف انکار کر دیا۔لنکا پریمیئر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 30 جولائی سے 22 اگست تک منعقد ہوگا، کولمبو اسٹرائیکرز نے بابر اعظم کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے، پاکستانی کپتان فرنچائز کی بھی قیادت کریں گے۔
لیگ میں جوئے کی کئی کمپنیز نام میں معمولی تبدیلی کر کے تشہیر کرتی ہیں، کولمبو کا بھی ایسی ہی ایک کمپنی سے معاہدہ ہے، البتہ بابر اعظم نے اس کا لوگو شرٹ پر لگانے سے واضح الفاظ میں انکار کر دیا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 8 کے دوران محمد رضوان نے ملتان سلطانز کی شرٹ پر سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ کمپنی کا لوگو لگانے سے انکار کر دیا تھا۔انھوں نے اسٹیکر سے لوگو چھپا کر میچ میں حصہ لیا،کئی دیگر کھلاڑیوں نے بھی ناخوشی ظاہر کی لیکن انھیں فرنچائزز نے منا لیا تھا۔
بابر اور رضوان حال ہی میں فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آئے ہیں،دونوں اب کراچی میں شیڈول قومی تربیتی کیمپ میں شریک ہوں گے۔
