اسحاق ڈار کی حوثی حملوں میں 3 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے حوثی حملوں میں 3 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔

خارجہ اسحاق ڈار نے بحیرۂ احمر میں کمرشل جہاز پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ حملے میں 3 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا۔ انہوں نے جاں بحق پاکستانیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غیر جنگی کمرشل جہازوں پر حملے معصوم جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ ایسے حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور بحری جہاز رانی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ پاکستان سعودی حکام اور یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت سے رابطے میں ہے۔

اسحاق ڈار نے ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کو متعلقہ حکام سے فوری رابطے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے اور زخمی پاکستانی شہری کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بحیرۂ احمر میں پیش آنے والے واقعے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

 

امریکا ایران جنگ بندی میں ثالثی کردار پر پاکستان عالمی توجہ کا مرکز

واضح رہے کہ گزشتہ روز یمنی حکومت اور کوسٹ گارڈ ذرائع نے کہا تھا کہ بحیرۂ احمر میں باب المندب کے مقام پر حوثیوں نے کارگو جہاز پر حملہ کیا۔ حملے میں کارگو جہاز کے ڈیک کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عملے کے 3 ارکان جاں بحق ہوگئے۔

 

Back to top button