لوٹوں کو بچانے کیلئے الیکشن کمیشن نکتے تلاش کررہا ہے

تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سارے پاکستان کو پتا ہے کہ لوٹے کون ہیں اور ان لوٹوں کو بچانے کیلئے الیکشن کمیشن نکتے تلاش کر رہا ہے،ہم امپورٹڈ حکومت کونہیں مانتے، صرف الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں۔ سارے مجھے ہرانے کے لیے اکٹھے ہوگئے ہیں، انشااللہ ان سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا۔
صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا صوابی اسلام آباد سے قریب ہے اور جب میں اسلام آباد آنے کی کال دوں تو آپ لوگوں نے مجھے وہاں ملنا ہے، آپ مجھے بتائیں کہ ملک کی حقیقی آزادی کے لیے اسلام آباد آئیں گے اور جو اسلام آباد نہیں سکتے وہ صوابی میں ہی نکلیں اور بتائیں کہ غلامی نا منظور ہے، امپورٹڈ حکومت نا منظور ہے۔

انہوں نے کہا میرے ماں باپ غلام ہندوستان میں پیدا ہوئے، جب ہندوستان کے لوگ انگریز کی غلامی کر رہے تھے اس وقت یہاں کے لاکھوں لوگوں نے انگریز کے لیے قربانیاں دیں مگر کسی نے انکا شکریہ ادا نہیں کیا کیونکہ ہندوستان غلام تھا، غلاموإ کی کوئی عزت نہیں ہوتی،اسی طرح جب نائن الیون کے بعد امریکی جنگ میں خیبرپختونخوا کے لوگوں نے قربانیاں دیں، 80 ہزار پاکستانیوں نے قربانیاں دیں، 35 لاکھ لوگوں نے نقل مکانی کی، ہماری فوج نے دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ میں امریکیوں سے 3 گنا زیادہ قربانیاں دیں مگر کسی نے ہمارا شکریہ ادا نہیں کیا بلکہ الٹا الزام لگایا گیا کہ پاکستان کی وجہ سے امریکا جنگ نہیں جیت سکا، میرے با شعور، غیور پاکستانیوں یاد رکھ کہ غلاموں کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھانواز شریف اور آصف زرداری نے ملک پر 10 سال حکومت کی اور مولانا فضل الرحمٰن بھی ان کے ساتھ ملا ہوا تھا، ان تین اسٹوجز کے 10 سالہ دور حکومت میں پاکستان پر 400 ڈرون حملے ہوئے، ان دونوں حکمرانوں نے ان ڈرون حملوں کی مذمت کی نہیں، ایک دفعہ نہیں کہا کہ کیا مغربی ممالک اپنے ملک میں ہمیں ڈرون حملے کرنے کی اجازت دیں گے، ہمارے ہزاروں لوگوں کو قتل کرنے والا شخص لندن میں بیٹھا ہے، کیا برطانیہ ہمیں اس پر ڈرون حملہ کرنے کی اجازت دے گا۔

انہوں نےکہا کہ آج پھر ان کو ہمارے ملک پر سازش کے تحت مسلط کیا گیا ہے کیونکہ ان کے پیسے باہر پڑا ہے، وہ کبھی اپنے بیرونی آقاؤں کے سامنے زبان نہیں کھولیں گے،ایسا ہونا چاہیے کہ ایک ملک خود ہی تفتیش کار، خود عدالت اور خود ہی سزا کا فیصلہ کرنے والا ہو، شریف اور زرداری خاندان 30 سال سے ملک پر حکومت کر رے ہیں، شہباز شریف کہتا ہے کہ ہم مقروض ہیں، ان کا دوسرا لیڈر کہتا ہے کہ ہم لائف سپورٹ پر ہیں،میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، یہ لوگ پیسے اور خوف کے بت کی پوچا کرتے ہیں، یہ جانروں کی سطح سے بھی نیچے گر چکے ہیں، جانور بھی اتنا کھاتا ہے جتنا اس کی بھوک ہوتی ہے مگر ان کا پیٹ ہی نہیں بھرتا۔

عمران خان کا کہنا تھا ان حکمرانوں کے خلاف کیسوں کی تفتیش کرنے والی ایف آئی اے کے 2 افسران کو دل کا دورہ پڑا، ان میں ایک افسر جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا ہسپتال میں پڑا ہے، ہماری آنکھوں کے سامنے ایف آئی اے تباہ ہورہی ہے، ایف آئی اے نے بڑی محنت کے ساتھ شہباز شریف کے خلاف کیس بنائے تھے،ایف آئی اے کے ساتھ وہی ہو رہا ہے جو ایم کیو ایم نے کراچی پولیس کے ساتھ کیا، ایم کیو ایم نے جو پولیس کے ساتھ کیا اس کے بعد سے آج سندھ پولیس اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہوسکی، رینجرز کو بلانا پڑا، ایم کیو ایم نے کراچی آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس کے اہلکاروں کو چن چن کے قتل کیا، بعد میں بتاؤں گا وہ زہر جس کو کھانے میں ملا دینے سے ہارٹ اٹیک ہوجا تاہے۔

انہوں نے کہاوزیراعظم اور چیف منسٹر پر ایف آئی اے میں 24 ارب کے کیسز ہیں، لندن میں بیٹھ کر اس کا بھائی فیصلہ کررہا ہے جبکہ وہ سزا یافتہ ہے، بیٹی کو پروٹوکول مل رہا ہے، بیٹی سزا یافتہ ہے ، ضمانت پر ہے، ہم ان چوروں کو تسلیم نہیں کریں گے، ہم صرف ایک چیز چاہتے ہیں،الیکشن کراؤ، کسی ملک پر بم مار دیا جائے تو قوم کھڑی ہو سکتی ہے، جاپان پر ایٹم مارا گیا مگر قوم کھڑی ہوگئی، مگر جس قوم کی اخلاقیات تباہ ہوجائے وہ قوم کبھی کھڑی نہیں ہوسکتی، پہلے قوم کی اخلاقایات تباہ ہوتی پھر اس کی معیشت تباہ ہوتی ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا ہم کسی امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتے، ہم صرف یہ چاہتے ہیں فوری الیکشن ہوں، ہم چاہتے ہیں عوام فیصلہ کریں کہ کون ملک کی قیادت کرے گا، قوم تیار ہوجائے، ہم اسلام آباد آ رہے ہیں اور صوابی کے لوگوں نے دلیری کے ساتھ ساتھ دینا ہے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوتے کہا کہ یہاں سے صرف ایک لوٹ نکلا، کل میں فیصل آباد کے لوگوں سے گلہ کیا کہ سب سے زیادہ لوٹے وہاں سے نکلیں، وہاں کے لوگوں نے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ الیکشن میں کوئی لوٹا وہاں سے کامیاب نہیں ہوگا، سارے پاکستان کو پتا ہے کہ لوٹا کون ہے، ساری دنیا کے سامنے وہ لوٹےہوئے ہیں لیکن الیکشن کمیشن ان کو بچانے کے لیے نکتے ڈھونڈ رہا ہے۔

عمران خان نے کہا اگر یہ لوٹے الیکشن کمیشن سے بچ بھی گئے تو پاکستان کے عوام سے نہیں بچیں گے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل نے وہ وزارت پکڑی ہے جس میں بہت پیسا بنتا ہے۔

Back to top button