مائرہ کو کرائے کے قاتلوں کے ذریعے قتل کرنے کا انکشاف

ڈیفنس میں برطانوی نژاد پاکستانی لڑکی کے قتل میں اہم انکشاف ہوا ہے۔27 سالہ مائرہ ذوالفقار کو مبینہ طور پر کرائے کے قاتلوں کے ذریعے قتل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مائرہ کو مبینہ طور پر کرائے کے قاتلوں کے ذریعے قتل کیا گیا ہے۔ مائرہ کو قتل کرنے سے قبل باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی۔
قتل کے وقت ملزم ظاہر جدون اسلام آباد جب کہ سعد بٹ جوہر ٹاؤن میں تھا۔ فوٹیج سے ملزموں کی ڈیفنس میں غیر موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔ پولیس نے اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے کہ مائرہ کو قتل کرنے کا ٹاسک کس کو سونپا گیا تھا۔ ظاہر جدون اور مائرہ کے دوستوں میں سیاسی شخصیات سمیت افسروں کے بچے بھی شامل ہیں۔ کیس کی تحقیقات اعلی سطح پر کی جارہی ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ مائرہ مرڈر کیس کے اصل حقائق کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے لاہور پولیس شب و روز کوشاں ہے اور بہت جلد اصل مجرمان کو بے نقاب کرتے ہوئے قانون کے کٹہرے میں پیش کردیا جائے گا۔ انہوں نے کیس کی تفتیش میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت کا جائرہ لیتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور اور ایس پی سی آئی اے لاہور کو ہدایت کی کہ وہ کیس کی تفتیش جلد از جلد اپنی نگرانی میں مکمل کروائیں ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ قتل کی رات پیش آنے والے واقعات سمیت تما م پہلوئوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے جبکہ تمام شواہد اور ریکارڈ کو تفتیش کا حصہ بناتے ہوئے واقعہ کے اصل حقائق کو جلد از جلد بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تفتیش میں ہونے والی تمام پراگریس کی رپورٹ ہفتہ وار بنیادوں پر سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے جبکہ کیس کی تفتیش میں ہونے والی پراگریس کو میں خود بھی مانیٹر کر تا رہوں گا ۔

Back to top button