ماہرہ خان کا کرونا وبا کے دوران ہی دوسری شادی کرنے کا امکان

35 سالہ خوبصورت سپر سٹار ماہرہ خان اور بزنس مین سلیم کریم کے خاندانوں میں ان کی شادی کے حوالے سے معاملات تقریباً طے پاگئے ہیں لیکن کرونا وبا کی وجہ سے شادی کی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی جارہی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق اگر مزید چند ہفتوں تک کرونا کی صورتحال واضح نہ ہوئی تو وبا کے دوران ہی ماہرہ اور سلیم کریم کی سادگی سے شادی کا اعلان کردیا جائیگا اور ایسی صورت میں دونوں طرف سے صرف قریبی عزیز ہی نکاح میں شریک ہوں گے۔
ماہرہ پاکستان کی صف اول کی اداکارہ ہیں جنہوں نے ڈرامہ انڈسٹری کو نہ صرف ہم سفر اور شہر ذات جیسے سپر ہٹ ڈرامے دیے بلکہ ان کے کریڈٹ پر کئی ہٹ فلمیں بھی موجود ہیں۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ کچھ بھارتی فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں جن میں سے "رئیس” وہ شاہ رخ خان کی ہیروئن بنیں تھیں۔ اب ماہرہ فہد مصطفی کے ساتھ لولی ووڈ فلم ’’قائداعظم زندہ باد‘‘ میں دکھائی دیں گی۔
واضح رہے ماہرہ خان نے 2007 میں علی عسکری سے محبت کی شادی کی جو کئی سال کامیابی سے چلی لیکن بعد ازاں ماہرہ کی شوبز مصروفیات اور پے در پے فنی کامیابیوں اور شوبز مصروفیات کے بعد میاں بیوی کے تعلقات میں سرد مہری آگئی اور آخر کار 2015 میں ماہرہ خان نے طلاق لے لی تھی۔ اس شادی سے ماہرہ کا ایک بیٹا اذلان بھی ہے۔ پہلی شادی کی ناکامی کے بعد ماہرہ خان کا کسی کے ساتھ نہ تو کوئی سکینڈل منظر عام پر آیا اور نہ ہی انہوں نے کبھی دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم حالیہ دنوں معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین کے ساتھ انسٹا گرام پر طویل لائیو سیشن کےدوران ماہرہ سے جب سوال کیا گیا کہ وہ جب سلیم کریم کو دیکھتی ہیں تو کیسا محسوس کرتی ہیں تو جواب میں انہوں نے ڈرامہ سیریل ’’ہمسفر‘‘ کا ایک ڈائیلاگ بولا’’ پتا نہیں تم مجھے کس نیکی کے بدلے میں ملی ہو‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان سے مل کر ایسا ہی محسوس کرتی ہیں۔حالیہ انٹرویو میں ماہرہ خان نے سلیم کریم کے لیے اہنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انہوں نے زندگی میں کوئی نہ کوئی ایسا نیک کام ضرورکیا ہے جس کے بدلے اللہ نے مجھے سلیم کریم کی محبت میں مبتلا کیا ہے۔
ماہرہ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ پہلی شادی کے وقت میچور نہیں تھیں لیکن اب انہوں شادی کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کرکیا ہے۔ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ وہ پہلی شادی کی ناکامی کے بعد دوبارہ گھر بسانے کے لیے قطعاً تیار نہ تھیں تاہم جب سلیم کریم سے رغبت محسوس ہوئی اور پھر انہیں یہ یقین ہو گیا کہ اس شخص نے میرے دل میں جگہ بنا لی ہے تو میں نے دوبارہ سے گھر بسانے کا فیصلہ کرلیا۔ اپنے دیرینہ دوست سلیم کریم سے محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا ہے کہ علی عسکری سے شادی ختم ہونے کے کئی برس بعد پہلی بار جب انہیں محسوس ہوا کہ ان کی زندگی میں کوئی کمی ضرور ہے تو میں نے سلیم کریم کو اپنانے کا فیصلہ کرلیا۔ ایک انٹرویو میں ماہرہ نے بتایا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے تک میں اس نئے رشتے سے متعلق سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ماہرہ خان نے اعتراف کیا ہے کہ سلیم کریم ان کی زندگی میں داخل ہو چکے ہیں کیونکہ وہ ان کے دل میں بنا چکے ہیں۔ ماہرہ نے پرعزم لہجے میں کہا کہ اب میں اپنے اس تعلق کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کا ارادہ کر چکی ہوں۔
سلیم کریم کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ کراچی بیسڈ ایک نیٹ ورک کمپنی سم پیسہ کے سی ای او ہیں۔ سلیم کی کمپنی اپنے صارفین کو موبائل فون سم کے ذریعے مختلف مدوں میں رقوم کی ادائیگی کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق سم پیسہ کمپنی مستقبل قریب میں زی اور ایروس جیسے بڑے اداروں ک ساتھ شراکت کرنے جا رہی ہے جس کا مطلب ہے کہ سلیم کریم اپنے کاروبار کو بھارت تک وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ 2017 کے اوائل میں ماہرہ خان نے سلیم کریم کی پروڈکشن ٹیپ میڈ ٹی وی کی لانچنگ تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔ علاوہ ازیں دونوں کو کئی مرتبہ ترکی میں مختلف تقریبات میں بھی ایک ساتھ دیکھا گیا ہے۔
