انجمن طلاق کے بعد حق مہر میں ملے 20 پلاٹوں سے بھی محروم


رواں برس اپریل میں اداکار اور پروڈیوسر وسیم عرف لکی علی سے طلاق کے بعد ماضی کی معروف فلمی ہیروئن انجمن کو حق مہر میں ملنے والے 20 رہائشی پلاٹوں سے بھی ہاتھ دھونا پڑ گئے ہیں کیونکہ 9 جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے کا اعتراف کرتے ہوئے لکی علی نے قومی احتساب بیورو کے ساتھ تقریباً دو ارب روپے میں پلی بارگین کرلی ہے۔ اب انجمن کو جعلی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع اپنے 20 پلاٹوں کی رقم حاصل کرنے کے لئے نیب سے رجوع کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل قومی احتساب بیورو یعنی نیب نے بڑے پیمانے پر عوامی شکایات سامنے آنے پر اسلام آباد میں واقع جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے متعلق تحقیقات شروع کی تھیں جن میں فلمسٹار انجمن کے سابق شوہر وسیم عرف لکی علی کی 9 ہاؤسنگ سوسائیٹیاں شامل تھیں۔ نیب کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ لکی علی نے نیشنل گارڈن، ڈیفینس ویلی دھمیال روڈ، نیشنل ٹاؤن گرجا روڈ، نیو اسلام آباد سٹی، ڈیفینس ایونیو، سرسید ٹاؤن دھمیال روڈ، دھمیال سٹی، سرسید گارڈن اور نیشنل ویلی کے نام سے جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیاں قائم کرکے ہزاروں پلاٹ فروخت کردیئے لیکن خریداروں کو ان کا قبضہ نہیں دیا گیا۔ نئی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ان سوسائٹیز کے حوالے سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی بھرپور تشہیری مہم چلائی گئی جبکہ ان میں سے کوئی ایک بھی سوسائٹی راولپنڈی ہاؤسنگ اتھارٹی سے منظور شدہ نہیں تھی۔ ذرائع کے مطابق انہی سوسائٹیوں میں لکی علی نے انجمن سے اپنی شادی کے موقع پر انہیں حق مہر میں 20 پلاٹ دیئے تھے۔ اگرچہ یہ شادی چند مہینے ہی چل پائی تاہم قانون اور شریعت کی رو سے پلاٹ بدستور انجمن کی ملکیت ہیں۔ 19 جون 2020 کو نیب کی جانب سے لکی علی کے ساتھ پلی بارگین ڈیل فائنل ہونے کے نتیجے میں یہ ثابت ہو گیا کہ لکی کی ہاؤسنگ سوسائٹیز بوگس تھیں لہذا اب نیب ہی لکی علی سے پلاٹ خریدنے والوں کو ان کی رقوم واپس کرے گی۔ ماہرین کے مطابق لکی علی کی جانب سے نیب کے ساتھ پلی بارگین کے بعد انجمن کو بھی اپنے پلاٹوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا اور ان 20 پلاٹوں کے بدلے رقم حاصل کرنے کے لیے نیب سے رجوع کرنا ہو گا۔
واضح رہے کہ 64 سالہ اداکارہ انجمن شاہین سابق پروڈیوسر اور بزنس مین وسیم علی عرف لکی علی کے ساتھ 11جون 2019 کے روز رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔ شادی دھوم دھام سے کرنے کے بجائے دلہا و دلہن کے قریبی دوستوں اور عزیزوں کی موجود گی میں سادگی سے ہوئی تھی۔ انجمن شاہین کو وسیم لکی نے حق مہرکے طور پر دو کروڑ روپے، ہنڈا کار، دو کنال کا گھر، اسلام آباد کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 20 پلاٹس بھی دیئے تھے۔
80 کی دہائی کی پنجابی فلموں کی معروف اداکارہ انجمن شاہین نے پہلے تو اپنی دوسری شادی کو خفیہ رکھا۔ بعد ازاں شادی کی تصاویر لیک ہو جانے کے بعد اداکارہ نے اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس عمر میں شادی کرنے کی بنیادی وجہ تنہائی تھی جبکہ دوسری شادی کرنے سے قبل میں نے اپنے تینوں بچوں سے اجازت بھی لی۔ شادی کے 8 ماہ بعد ہی لکی علی کی طرف سے انجمن کو طلاق دینے کی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن پہلے پہل فلمسٹار انجمن نے خبروں کی تردید کی تھی۔ تاہم لکی علی اور انجمن کے مشترکہ فلمی دوستوں نے ایک طلاق ہونے کی تصدیق کی تھی۔ چند روز بعد اداکارہ انجمن اور لکی علی کی طرف سے ویڈٓیو اور آڈیو پیغام میں طلاق کی تصدیق کر دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان کافی عرصے سے اختلافات چل رہے تھے اور دونوں نے باہمی رضامندی سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ بہاولپور میں پیدا ہونے والی انجمن شاہین 80ء اور 90ء کی دہائی میں پاکستانی پنجابی فلموں کی مقبول ترین اداکارہ سمجھی جاتی تھیں انہوں نے اپنے کیریئر میں شیرخان، میڈم رانی اور میلہ سمیت متعدد فلمیں کیں اور کئی ایوارڈز اپنے نام کیے جب کہ فلموں میں اُن کی اور سلطان راہی کی جوڑی سب سے زیادہ پسند کی جاتی تھی۔ انجمن کی پہلی شادی انکم ٹیکس کمشنر مبین ملک سے ہوئی تھی جس سے اُن کے تین بچے ذیشان، عدنان اور ایمان شامل ہیں۔ تاہم 2013ء میں انجمن کے شوہر کو لاہور میں قتل کر دیا گیا تھا۔ تب تک دونوں میں علیحدگی ہو چکی تھی اور پولیس نے ابتدائی طور پر انجمن کو قتل کے الزام میں شامل تفتیش کیا تھا لیک بعد میں عدم ثبوت کی بنا پر یہ کیس اگے نہیں بڑھایا گیا۔ لیکن آج دن تک انجمن کے پہلے شوہر کے قتل کے ملزم گرفتار نہیں کئے جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button