محترمہ بینظیر بھٹو کیخلاف ٹوئٹس: سنتھیا رچی کی عدالت میں طلبی

امریکی خاتون سینتھیا ڈی رچی کی طرف سے سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو پر الزامات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کر دی۔عدالت نے سنتھیا رچی کے علاوہ ایف آئی اے سائبر کرائمز اورپی ٹی اے کے حکام کو بھی9 جون کو پیش ہونے کا حکم دیا
پیپلزپارٹی کی جانب سے سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر سیشن کورٹ میں درخواست جمع کرائی گئی۔ شکیل عباسی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ سنتھیا ڈی رچی نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی، ایف آئی اے نے امریکی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرنےکی درخواست پرکارروائی نہیں کی لہٰذا عدالت ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ کو امریکی خاتون کے خلاف مقدمے کے اندراج کا حکم دے۔ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے درخواست پر سنتھیا رچی کو 9 جون کو جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ عدالت نے نوٹس میں کہا ہے کہ امریکی صحافی سینتھیا ڈی رچی 9 جون کو اصالتاً یا وکالتاً پیش ہوں۔سنتھیا رچی کے علاوہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائمز اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے حکام کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
شکیل عباسی کا اس ھوالے سے کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے مقدمہ درج نہیں کیا، اس لیے 22 اے کے تحت عدالت سے رجوع کیا جس پر امریکی خاتون، ایف آئی اے اور ایس ایس پی اسلام آباد کو طلب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی شہری سنتھیا رچی نے سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف الزامات کی بوچھاڑکی تھی۔انھوں نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام عائد کیا تھا۔دوسری جانب یوسف رضا گیلانی نے امریکی شہری کےالزامات کو گھٹیا قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہوئے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے.
دریں اثناء پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق وزیر داخلہ امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے من گھڑت، بیہودہ الزامات کے جوابات دینا اپنی توہین سمجھتے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سینیٹررحمان ملک نے امریکی خاتون کے بیہودہ و نازیبا الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ انکے بیٹوں نے امریکی خاتون کے خلاف قانونی کارروائی اور ہتک عزت کا دعوی دائر کرنے کیلئے قانونی رائے مانگ لی ہے، امریکی خاتون کے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں جس کا مقصد سینیٹر رحمان ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سنتھیا نے رحمان ملک کیخلاف نازیبا الزامات کسی مخصوص فرد یا گروہ کے اکسانے پر لگائے ہیں، رحمان ملک نے ہمیشہ بھارت کے کشمیریوں و بھارتی مسلمانوں پر مظالم کیخلاف آواز بلند کی ہے، الزامات اس وقت سامنے آئے جب بحیثیت چئیرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ امریکی خاتون کے بینظیر کیخلاف لگائے گئے الزامات کا نوٹس لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button