محرم:ملک میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ، ڈبل سواری پر پابندی

حکومت نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن عامہ کی صورتحال کو قائم رکھنے کے لیے حساس مقامات پر فوج کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وفاقی وزارتِ داخلہ نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا، جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 245 کے تحت ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارتِ داخلہ نے اس ضمن میں چاروں صوبوں سمیت گلگت اور آزاد کشمیر حکومت کو مراسلہ بھیج دیا، وفاقی وزراتِ داخلہ کے مطابق تمام صوبوں کی درخواست پر فوج کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

کراچی میں 9 اور 10محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی، محکمہ داخلہ سندھ نے امن و امان سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق کراچی میں 9 اور 10محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کے حکم سے خواتین، بچوں، معذور افراد اور بزرگوں کو استثنا ہوگا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے اسلحہ ساتھ لے کر چلنے کے تمام اجازت نامے بھی معطل کردیئے گئے ہیں، محکمہ داخلہ کے مطابق محرم سے متعلق اجتماعات کے علاوہ ہر قسم کے جلسے جلوس پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

Back to top button