آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں: وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عالمی یومِ آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آبادی کی ذمہ دارانہ منصوبہ بندی اور مؤثر نظم و نسق ہی فلاحی معاشرے کی بنیاد ہے، جبکہ وسائل سے ہم آہنگ آبادی ہی پائیدار ترقی اور خوشحالی کی ضمانت بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا آبادی والا ملک ہے، جہاں 65 فیصد سے زائد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔ نوجوان ملکی ترقی کا قیمتی سرمایہ ہیں، تاہم آبادی میں تیزی سے اضافہ تعلیم، صحت، روزگار، رہائش اور دیگر بنیادی سہولتوں کے حوالے سے بڑے چیلنجز بھی پیدا کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آبادی اور ترقی کے تناظر میں مؤثر پالیسی سازی کے لیے قومی کونسل برائے آبادی قائم کی گئی ہے، جو وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی، پالیسی رہنمائی اور بروقت فیصلوں کو یقینی بنائے گی۔

 

آئی ایم ایف کا پاکستان کو مزید 3.6 ارب ڈالرز قرض دینے کا فیصلہ

انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، پارلیمنٹ، سول سوسائٹی، نجی شعبے، جامعات، علما، ذرائع ابلاغ اور مقامی برادریوں سے اپیل کی کہ وہ آبادی سے متعلق آگاہی، ذمہ دارانہ فیصلوں، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

Back to top button