وزیراعظم کا امیر قطر سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال

 

 

 

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورت حال،حالیہ کشیدگی اور امن کے فروغ کےلیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ حملوں کے تناظر میں قطر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیاکہ وہ تحمل و بردباری کا مظاہرہ کریں اور ایسے کسی بھی عمل سے گریز کریں جو خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرسکتا ہو۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے اور برگنسٹاک میں اعلیٰ سطحی تکنیکی مذاکرات کے پہلے دور کے انعقاد کےلیے کی جانے والی امن کوششوں میں قطر کے مستقل تعاون پر امیرِ قطر کا دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ قطر نے علاقائی امن، مذاکرات اور اعتماد سازی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیاکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کےلیے سفارتی روابط اور بامعنی مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنا ناگزیر ہے۔ دونوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیاکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقین کی جانب سے کیےگئے وعدوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جاناچاہیے تاکہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور استحکام کو فروغ دیا جاسکے۔

امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم شہبازشریف، وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے خطے میں امن کے قیام اور سفارتی کوششوں میں ادا کیے جانےوالے کردار کو سراہا۔

امیرقطر نے اس سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتےہوئے یقین دلایا کہ قطر خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کےلیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

اسحاق ڈار کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے،مشاورت جاری رکھنے اور خطے میں امن و استحکام کےلیے مشترکہ سفارتی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

 

 

Back to top button