امریکا نے 2 طیارہ بردار بحری جہاز لنکن اور بش ایران کے قریب تعینات کر دیئے

امریکا نے ایران کے قریب اپنے دو طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن اور یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش تعینات کردیے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اس اقدام کا مقصد آبنائے ہرمز کے اطراف سکیورٹی کو مزید مضبوط کرنا اور ضرورت پڑنے پر تہران پر دباؤ بڑھانا ہوسکتا ہے،بحری نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے اداروں کےمطابق دونوں بحری جہاز خلیج عمان میں داخل ہوئے۔
یہ تعیناتی ایسے وقت میں کی گئی ہےجب آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی پر حملوں کے خدشات بڑھ رہے ہیں،عالمی سطح پر تیل کی تقریباً 20 فیصد ترسیل اسی اہم آبی گزرگاہ کے ذریعے ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اس وقت دوبارہ شدت اختیار کرگئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاتھا کہ دونوں ممالک کے درمیان عارضی جنگ بندی ختم ہوچکی ہے،اگرچہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
امریکی جارحیت روکنے کے اقدامات کیے جائیں: ایران کا اقوام متحدہ سے مطالبہ
دوسری جانب قطر کا ایک وفد تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے سلسلےمیں گزشتہ روز ایران میں مذاکرات مکمل کرکے واپس روانہ ہوگیا جب کہ ایرانی حکام ممکنہ طور پر آبنائے ہرمز سے متعلق مذاکرات کےلیے آج عمان جائیں گے۔
