آئی ایم ایف کا پاکستان کو مزید 3.6 ارب ڈالرز قرض دینے کا فیصلہ

عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) نے آئندہ 14 ماہ کے دوران پاکستان کو مزید 3 ارب 60 کروڑ ڈالرز قرض جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق آئی ایم ایف کے جاری ای ایف ایف اور آر ایس ایف پروگرامز کی مجموعی مالیت 8 ارب 40 کروڑ ڈالرز ہے، جن میں سے پاکستان کو اب تک 4 ارب 80 کروڑ ڈالر جاری کیے جاچکے ہیں،آئندہ 14 ماہ کے دوران مزید 3 ارب 60 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے، ای ایف ایف اور آر ایس ایف کے تحت اگلا اقتصادی جائزہ ستمبر میں ہوگا، آئی ایم ایف مشن چوتھے اقتصادی جائزے کےلیے پاکستان کا دورہ کرسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں پروگرامز کا اگلا اقتصادی جائزہ ستمبر میں متوقع ہے، جس کےلیے آئی ایم ایف مشن پاکستان کا دورہ بھی کرسکتا ہے۔
آئی ایم ایف نے مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے،بجٹ خسارہ کم کرنے،ٹیکس ریونیو میں اضافے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات پر زور دیا ہے،اس کے علاوہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات،گردشی قرضے میں کمی،سرکاری اداروں کی نجکاری، قرضوں کو پائیدار سطح پر لانے اور مہنگائی میں کمی کےلیے اقدامات بھی پروگرام کی اہم شرائط میں شامل ہیں۔
غیر قانونی افغان باشندوں اور سہولت کاروں کے خلاف کریک ڈاؤن فیصلہ
دستاویزات کےمطابق پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی، سیلاب اور خشک سالی جیسے خطرات سے نمٹنے کےلیے بھی اصلاحاتی اقدامات کرنا ہوں گے، ستمبر 2027 تک ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلیٹی کے تحت مجموعی 7 ارب ڈالر جاری ہوں گے، ماحولیاتی تبدیلی کےآر ایس ایف پروگرام کے تحت 1.4 ارب ڈالر ملیں گے۔
