عمران خان اور جمائمہ کا برطانیہ میں تاریخی گھر فروخت کےلیے پیش

عمران خان اور ان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ کی رہائش گاہ رہنے والا برطانیہ کا تاریخی گھر فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔
برطانیہ کے علاقے رچمنڈ میں واقع یہ تاریخی گھر، جہاں عمران خان شادی کے دوران کچھ عرصہ اپنی سابقہ اہلیہ جمائمہ خان اور ان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈسمتھ کے ساتھ مقیم رہے، 2 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ (25 ملین پاؤنڈ) کی طلب کردہ قیمت پر مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
اورملی لاج کے نام سے معروف یہ 10 بیڈ رومز پر مشتمل علیحدہ رہائشی پراپرٹی جنوب مغربی لندن کے علاقے رچمنڈ میں ہیم کامن کے قریب اور رچمنڈ پارک کے ساتھ واقع ہے۔
پراپرٹی کی تفصیلات کے مطابق جارجین دور کے ابتدائی زمانے میں تعمیر کیا گیا یہ گھر تقریباً 15 ہزار 814 مربع فٹ رقبے پر مشتمل ہے، جس میں 7 باتھ رومز، وسیع باغات اور ایک علیحدہ کاٹیج بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ وہی رہائش گاہ ہے جہاں سے عمران خان نے 2010 میں پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران امدادی اپیلوں اور ویڈیو پیغامات کی ریکارڈنگ بھی کی تھی۔
