بڑھتی آبادی پاکستان کی معیشت اور وسائل کےلیے بڑا چیلنج ہے : احسن اقبال

 

 

 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تیزی سے بڑھتی آبادی معیشت، وسائل اور عوام کی زندگی کےلیے ایک بڑا چیلنج بنتی جارہی ہے۔ قومی ترقی کے ایجنڈے میں آبادی کا مسئلہ اولین ترجیح ہونا چاہیے کیوں کہ آبادی کے مؤثر انتظام کے بغیر معاشی اہداف حاصل نہیں کیے جاسکتے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ’نیشنل پاپولیشن کونسل‘ تشکیل دے دی گئی ہے، جس کی قیادت وزیراعظم خود کر رہے ہیں تاکہ آبادی میں توازن،انسانی ترقی اور پائیدار معاشی نمو کےلیے مربوط قومی حکمتِ عملی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔

احسن اقبال نےکہا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے اور اس حوالے سے مستحکم پالیسی بنانے کےلیے کام کرےگی۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان کے آبادیاتی مستقبل کا فیصلہ صرف تعداد نہیں بلکہ مؤثر پالیسیاں کریں گی، جب کہ آبادی میں استحکام اور انسانی وسائل کی ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے۔قومی ترقی کے ایجنڈے میں آبادی کا مسئلہ اولین ترجیح ہونا چاہیے کیونکہ آبادی کے مؤثر انتظام کے بغیر معاشی اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان کا اصل چیلنج آبادی کی تعداد نہیں بلکہ بروقت اور درست منصوبہ بندی ہے،اس لیے آبادی، تعلیم،صحت اور روزگار کو ایک جامع قومی حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھانا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ دنیا کی آبادی 8.2 ارب جب کہ پاکستان کی آبادی تقریباً 25 کروڑ 90 لاکھ ہوچکی ہے اور پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا آبادی والا ملک ہے،پاکستان میں آبادی بڑھنے کی سالانہ شرح 2.55 فیصد ہے جب کہ شرح پیدائش جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ 3.6 ہے،اگر یہی رفتار جاری رہی تو 2050 تک پاکستان کی آبادی تقریباً 39 کروڑ ہوجائے گی،اس لیے ابھی سے مؤثر منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔

آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں: وزیر اعظم

احسن اقبال نے کہاکہ تیزی سے بڑھتی آبادی تعلیم، پانی، علاج، خوراک،رہائش اور روزگار پر مسلسل دباؤ بڑھارہی ہے،اسی لیے خاندانی منصوبہ بندی کو قومی بجٹ،معاشی منصوبوں اور ترقیاتی پالیسی کا اہم حصہ بنایا جارہا ہے۔پاکستان میں 5 سال سے کم عمر تقریباً 40 فیصد بچے غذائی کمی کے باعث جسمانی نشوونما میں پیچھے رہ جاتے ہیں، جب کہ آبادی میں اضافے کے اثرات آنےوالی نسلوں تک پہنچتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی، پانی کی کمی اور خوراک کے مسائل سے نمٹنے کے لیے آبادی پر قابو پانا ضروری ہے۔صحیح منصوبہ بندی،عوام پر سرمایہ کاری اور بہتر فیصلوں کے ذریعے بڑھتی آبادی کو ملک کی طاقت میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

 

Back to top button