محسن داوڑ نے پی ٹی ایم سے راہیں جدا کر لیں

شمالی وزیرستان سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے پی ٹی ایم سے راہیں جدا کر لیں، محسن داوڑ نے پی ٹی ایم کو غیر سیاسی جماعت قرار دیتے ہوئے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا- تفصیلات کےمطابق شمالی وزیرستان سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے پی ٹی ایم سے راہیں جدا کر کے اپنی علیحدہ سیاسی جماعت کی تشکیل کا اعلان کردیا۔
محسن داوڑ نے پشاور میں اپنی نئی سیاسی جماعت کے نام، پرچم اور منشور کا اعلان کیا، انہوں نے بتایا کہ پارٹی کا نام ’نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ‘ (این ڈی ایم) رکھا ہے، جس کی مرکزی کمیٹی کا چیئرمین محسن داوڑ کو مقرر کیا گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن داوڑ نے کہا کہ ’جمہوری قوم پرست سیاسی جماعت کے لیے کارکنان ایک تنظیم کی عدم موجودگی کی کمی محسوس کرتے تھے، این ڈی ایم بہت جلد صوبائی یونٹس تشکیل دے گی، پھر ضلعی سطح پر تنظیم سازی کر کے پارٹی کو مضبوط کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’پارٹی مشران ہماری تحریک کا بنیادی حصہ ہوں گے، نوجوانوں کو سیاست اور سیاسی جماعتوں میں حقیقی نمائندگی نہیں ملی، ہم کونسل منتخب کر کے مستقبل کے لیڈر شپ کا تعین کریں گے‘۔ محسن داوڑ نے کہا کہ ’میں پی ٹی ایم کا کارکن نہیں حامی تھا، وہ ایک غیر سیاسی تنظیم ہے، اس لیے علیحدگی اختیار کر کے اپنی جماعت بنائی، مجھے نہیں لگتا کہ پی ٹی ایم ہماری جماعت کو سپورٹ کرے گی‘۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سابق سینیٹر افراسیاب خٹک، بشرا گوہر، جمیلہ گیلانی اور عبدالطیف ایڈوکیٹ آفریدی نے بھی نئی سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس قومی اسمبلی میں شمالی وزیرستان سے آزاد رکن محسن داوڑ نے اعلان کیا تھا کہ حزب اختلاف کے سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پشاور کے جلسے میں دعوت نہ ملنے کے بعد وہ آئندہ اس اتحاد کے جلسوں میں شرکت نہیں کریں گے۔
ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اب یہ اعلان کر رہا ہوں کہ آج کے بعد، میں پی ڈی ایم کا حصہ نہیں بنوں گا، لیکن اس تحریک کی حمایت کرتا رہوں گا اور ایسی تحریکیں ہونی چاہیں۔‘ محسن داوڑ کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل چند سیاسی جماعتوں کو ان کی شرکت پر اعتراض تھا اسی لیے وہ آئندہ اس موومنٹ کے کسی بھی جلسے میں شریک نہیں ہوں گے۔
اتوار کو پشاور میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں محسن داوڑ کو دعوت نہیں دی گئی تھی اور اس سے پہلے مختلف اخباروں میں یہ خبر بھی شائع ہوئی تھی کہ 17 نومبر کو پی ڈی ایم کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان اور محسن داوڑ کے درمیان بعض معاملات پر اختلافات سامنے آئے تھے، جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے محسن داوڑ کو پی ڈی ایم اتحاد سے نکال دیا۔ پی ڈی ایم سے علیحدگی کے بعد اب محسن داوڑ نے پی ٹی ایم سے بھی علیحدگی اختیار کر لی ہے-
