مختلف اشیا میں چہرے کیوں دکھائی دیتے ہیں؟

ہم روز مرہ زندگی کے دوران اکثر مختلف اشیا کو دیکھتے ہوئے ان میں کھو جاتے ہیں، جیسے کے کسی پیڑ پر دور سے انسانی چہرہ بنا دکھائی دے تو ہم اسے بڑے انہماک سے دیکھتے رہتے ہیں، بادلوں میں، گاڑی کے فرنٹ یا کسی اور عام چیز میں، متعدد افراد کو اشیا میں چہرے دکھائی دیتے ہیں مگر ہمیں مختلف چیزوں کو دیکھ کر چہرے کا خیال کیوں آتا ہے؟ اس کی وجہ کافی دلچسپ ہے مگر اس سے پہلے یہ جان لیں کہ نظروں کے اس دھوکے کو Face pareidolia کہا جاتا ہے۔اس طبی اصطلاح کا مطلب عام اشیا میں چہروں کو دیکھنا یا روشنی اور سائے میں کسی قسم کا ڈیزائن نظر آنا ہوتا ہے اور متعدد افراد کو اس کا تجربہ ہوتا ہے، ماضی میں اسے ذہنی عارضہ سمجھا جاتا تھا مگر یہ خیال غلط ہے، اس کے پیچھے چھپی وجہ تو اب تک سائنسدان مکمل طور پر سمجھ نہیں سکے مگر تحقیقی کام کے جو نتائج سامنے آئے ہیں وہ کافی دلچسپ ہیں۔2022 میں کوئنز لینڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ چہرے کے ساتھ لوگ عمر، جذبات اور صنف کو بھی چیزوں میں دیکھتے ہیں مگر زیادہ دلچسپ انکشاف یہ ہوا کہ چیزوں پر نظر آنے والے زیادہ تر چہروں کو مردانہ چہرے تصور کیا جاتا ہے، زیادہ تر چہروں کو مردانہ قرار دیا جاتا ہے، 34 فیصد افراد کو یہ چہرے خوش باش نظر آتے ہیں، 19 فیصد کو یہ کسی الجھن کا شکار لگتے ہیں جبکہ 14 فیصد کو لگتا ہے کہ ان چہروں سے غصہ جھلک رہا ہے۔اسی یونیورسٹی کی ستمبر 2023 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین کو چیزوں پر چہرے زیادہ نظر آتے ہیں، 2021 میں سڈنی یونیورسٹی کے ماہرین نے بھی اس حوالے سے ایک تحقیق کی تھی کہ ہمارا دماغ مختلف اشیا پر نظر آنے والے چہروں کو دیکھ کر جذباتی طور پر ردعمل ظاہر کرتا ہے، بالکل اسی طرح جیسے وہ حقیقی انسانی چہروں پر ردعمل ظاہر کرتا ہے۔محققین کے مطابق ہمارا دماغ ارتقائی طور پر چہروں کو شناخت کرنے کے لیے متحرک رہتا ہے اور اس کے خصوصی حصے چہروں کو دیکھنے اور شناخت کرنے کا کام کرتے ہیں، ہمارا دماغ اشیا پر نظر آنے والے چہروں پر بھی اسی طرح ردعمل ظاہر کرتا ہے جیسا انسانی چہروں پر کرتا ہے۔2020 میں نیو ساؤتھ ویلز یونیورسٹی کے سکول آف سائیکولوجی کی ایک تحقیق میں اس بات کا ممکنہ جواب دیا گیا تھا کہ ہمیں چیزوں پر چہرے کیوں نظر آتے ہیں، اگرچہ انسانی چہرے دیکھنے میں ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں مگر ان کے چند حصے ایک جیسے ہوتے ہیں، جیسے آنکھوں اور منہ کی پوزیشن۔انہوں نے بتایا کہ چہروں کے اس بنیادی پیٹرن کو ہمارا دماغ دیکھتا ہے اور ممکنہ طور پر اسی وجہ سے ہمیں چیزوں پر چہرے نظر آتے ہیں، ہمارے دماغ میں ان چیزوں کو دیکھ کر وہ عمل متحرک ہوتا ہے جو چہروں کو شناخت کرنے اور جذبات پڑھنے کا کام کرتا ہے۔

Back to top button