مریم اورنگزیب ہٹے کٹے شہباز گل کی ویڈیو سامنے لے آئیں

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بغاوت کے مقدمہ میں زیر حراست پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پرمبینہ پولیس تشدد کے الزام پر پمز ہسپتال کے کمرے کی تازہ ترین ویڈیوسامنے لے آئیں۔

پریس کانفرنس میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ تین دن سے بغیر تحقیقات کے پروپیگنڈا چل رہا ہے اور شہبازگل کا نام لگا کر سوشل میڈیا اور میڈیا پر ویڈیوز چلائی جارہی ہیں، شہبازگل کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے اور پروپیگنڈا جاری ہے کہ جنسی تشدد ہوا، کیمرہ دیکھتے ہی پروپیگنڈا شروع ہوجاتاہے، شہبازگل پر کوئی تشدد نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ شہباز گل سے منسوب سوشل میڈیا پر ویڈیو چکوال میں زیادتی کرنے والے شخص کی ہے، غلط ویڈیوز چلانا سائبر کرائم کے زمرے میں آتاہے اورسوشل میڈیا پر طوفانِ بدتمیزی جاری ہے، پی ٹی آئی کا اصل مقصد کہانی کو بدل دینا ہے، کیا کسی نے تشدد کی اصل ویڈیوز دیکھی ہیں؟

مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کے دوران نے شہبازگل کی اسپتال کے کمرے کی ویڈیو چلادی اور بتایا کہ شہبازگل کی یہ ویڈیو ایک گھنٹے پہلے کی ہےکہ وہ ٹھیک ٹھاک کھڑے باتیں کررہے ہیں،شہبازگل کتابیں پڑھ رہے ہیں، چہل قدمی اور پولیس سے گفتگو کررہے ہیں، شہبازگل کا آکسیجن کا ماسک کہاں گیا؟

Back to top button