نعرے بازی پر پی ٹی آئی کارکنوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنےکا اعلان

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے تحریک انصاف کے خلاف ایک بڑا اعلان کیا ہے کہ شہریوں بالخصوص مسلم لیگ (ن) پر نعرے بازی پر ان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیئے جائیں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا ایک نام نہاد سیاسی جماعت اور پاگل پن کے شکار اس کے لیڈر کی طرف سے سیاسی نفرت، بغض، فتنہ اور فساد پر مبنی مہم جوئی اور اسکے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات کی خاطر میں تمام پاکستانی شہریوں بالخصوص مسلم لیگ (ن) کے احباب سے مخاطب ہوں۔

انہوں نے کہا دورانِ سفر، بازار یا کسی بھی جگہ اگر آپکا سامنا ”عمرانی باؤلوں“ سے ہوجائے اور وہ آپ پر ”غرانا“ یا ”کاٹنا“ شروع کر دیں تو آپ قانون کو ہاتھ میں لینے یا ان سے الجھنے کی بجائے اپنے موبائل فون سے اُنکی ویڈیو بنائیں۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے لکھا کہ عمرانی باؤلا ایک ہو ایک سے زائد، سب کی قابل شناخت ویڈیو بنائیں اور اسے ڈائریکٹر سائبر کرائم، ایف آئی اے کو ارسال کر دیں، وٹس ایپ کے ذریعے بھیج دیں یا سوشل میڈیاکے ذریعے ایف آئی اے کو ٹیگ کر دیں۔ بھرپور کاروائی، اندراج مقدمہ، گرفتاری حتیٰ کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی Blockage عمل میں لائی جائیگی تاکہ شہریوں کے آئین پاکستان کے آرٹیکل 15 میں دئیے گئے۔ ”Freedom of Movement“ کے حق کاتحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ اگر عمرانی باؤلے پھر بھی اس دوران آپ سے ہاتھا پائی پر اتر آئیں تو اپنے دفاع کے قانونی حق کا استعمال کریں۔

دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہےکہ مسٹر فراڈیا گوگی پنکی کوریڈور بچانے میں مصروف ہے ، پہلے سیاست میں اسلامی ٹچ دینے کی ناکام کوشش کی گئی، اب بشریٰ بی بی کے حکم پرغداری سے لنک کرنے کے علاوہ کوئی بیانیہ نہیں۔

ایک بیان میں انکاکہناتھا ہم چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) بچانے پر لگے ہیں، مسٹرفراڈیا گوگی پنکی اکنامک کوریڈور بچانے پرلگا ہے، چار سال میں ثابت ہوگیا کہ عمران خان نہ صادق ہے نہ امین، سابق مرد اول اور خاتون اول دونوں ہی کرپشن میں اول آئے ہیں، چور چور کے نعرے لگانے والا 4 سال میں ایک سیاسی مخالف کو چور ثابت نہ کرسکا۔

وزیر داخلہ نے کہا امریکا کی چپکے چپکے چوری چوری منتیں ترلے کر رہا ہے، عمران نیازی نے 4 سال تک عوام کو مہنگائی اور معاشی تباہی کے ذریعے تگنی کا ناچ نچایا۔

رانا ثنا اللہ نے کہاعالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ عمران خان نے کیا آج ماتم کرکے دھوکہ نہیں دے سکتے، عمران نیازی اور بشریٰ بی بی نے خیرات، قیراط، ہیرے جواہرات، انگوٹھیاں اور گھڑیاں سب کچھ ہضم کرلیا، جلسوں میں عوام سے معافیاں مانگیں دھمکیاں نہ دیں، ’فتنہ فساد‘ کے مقدر میں اب صرف اپنی ناکامیوں اور فراڈ پر ماتم کرنا لکھا ہے۔

Back to top button