معروف تاجرسیٹھ عابد 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

سیٹھ عابد فالج کے حملے کے باعث علیل تھے، سیٹھ عابد کی نمازجنازہ کل ہفتے کو کراچی ڈیفنس میں ادا کی جائے گی، خاندانی ذرائع
معروف صنعتکار سیٹھ عابد انتقال کرگئے، خاندانی ذرائع نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے، سیٹھ عابد کی نمازجنازہ کل کراچی میں ادا کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معروف بزنس مین اور صنعتکار سیٹھ عابد طویل علالت کے باعث انتقال کرگئے ہیں، سیٹھ عابد کی عمر 85 برس تھی اور وہ فالج کے حملے کے باعث علیل تھے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیٹھ عابد کی نماز جنازہ کل بعد نماز عصر کراچی میں ادا کی جائے گی۔ سیٹھ عابد کی رہائشگاہ اسٹریٹ نمبر7 فیز ٹو ڈیفنس میں واقع ہے۔ ان کی نماز جنازہ حافظ ایاز مسجد فیز ٹومیں ادا کی جائے گی اور تدفین ماڈل کالونی قبرستان میں کی جائے گی۔
سیٹھ عابد کا تعلق قصور سے ہے، جبکہ ان کے والد کراچی کی صرافہ مارکیٹ کی مشہور شخصیت تھے، سیٹھ عابد کے کردار کے بارے بہت ساری قیاس آرائیوں کی بناء پر ان کو پراسرار شخصیت کے طور بھی دیکھا جاتا رہا، ان کی جائیدادوں ، میں لاہورکی ایک بڑی ہاؤسنگ سوسائٹی اور خیراتی ادارے شامل ہیں- اسی طرح ان کے بارے کہا جاتا ہے کہ جب امریکا نے پاکستان پر ایٹمی ری پروسیسنگ پلانٹ درآمد کرنے پر پابندی عائد کی تو سیٹھ عابد نے فرانس سے ایٹمی ری پروسیسنگ پلانٹ بحری راستے سے پاکستان پہنچایا تھا۔
سیٹھ عابد کے بیٹے حافظ ایاز کو جب نومبر 2006 میں لاہور میں ان کے محافظ نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، اس وقت بھی یہ خبروں میں رہے۔
