ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھنے کی پیشگوئی

ملک بھر میں گرمی کی شدت کم ہونے کا کوئی امکان نہیں، محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے گرمی کی شدت مزید بڑھنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث اگلے ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
شدید گرمی سے بالائی اور وسطی سندھ، وسطی اور جنوبی پنجاب، بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے ہٹ کر 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھ سکتا ہے، جبکہ آبی ذخائر، فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خطرہ رہے گا۔
درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے دریاوں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا امکان ہے، عوام کو گرمی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر، پانی کے استعمال اور کسانوں کو موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
